پاکستان نے پاک بنگلہ دیش نالج کوریڈور اقدام کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپس کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، جس کا افتتاح پیر کے روز ڈھاکا میں پاکستان ایجوکیشن ایکسپو 2026 کے ذریعے کیا گیا۔
یہ تعلیمی نمائش پاکستان ہائی کمیشن بنگلہ دیش اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی 20 بڑی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے تعلیمی و اسکالرشپ مواقع پیش کیے۔
نالج کوریڈور کا اعلان اگست 2025 میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کے دوران کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے 500 اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا تھا۔

یہ پروگرام پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کی قیادت کے درمیان تعلیمی تعاون، نوجوانوں کے روابط اور علمی اشتراک کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں بنگلہ دیش کے وزیر تعلیم نے اعلیٰ حکام، وائس چانسلرز، اساتذہ، صحافیوں اور بڑی تعداد میں طلبہ کی موجودگی میں نمائش کا افتتاح کیا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کو سراہا۔
پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے کہاکہ یہ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلیمی اور ادارہ جاتی روابط کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ پہلے ہی پاکستان کی مختلف جامعات میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی تبادلوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے اور مشترکہ تحقیق، تعلیمی نقل و حرکت اور ادارہ جاتی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
تقریب میں طلبہ اور تعلیمی حلقوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی، اور اسے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔














