راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی ممکنہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پورے ضلع میں دو ہفتوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں 5 مئی سے 19 مئی 2026 تک برقرار رہیں گی۔ اس فیصلے کے بعد اڈیالہ جیل کے گردونواح، مری روڈ اور مال روڈ جیسے حساس علاقوں کو ‘ریڈ زون’ قرار دے کر وہاں ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں دفعہ 144 میں توسیع، ڈرون اُڑانے پر پابندی مزید 30 روز برقرار
انتظامیہ کے مطابق انٹیلیجنس رپورٹس میں امن و امان میں خلل اور عوامی جان و مال کو خطرات کے پیشِ نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج، ریلی، دھرنے، جلسے یا سیاسی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم مذہبی اجتماعات کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ اسلحہ، لاٹھیاں، غلیل، پیٹرول بم یا کسی بھی ایسی چیز کی نمائش یا اسے ساتھ رکھنے پر سخت پابندی ہے جو تشدد کو ہوا دینے کا باعث بن سکے۔
یہ پابندیاں ایک ایسے وقت میں لگائی گئی ہیں جب پی ٹی آئی اور اس کے حامیوں کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کی منصوبہ بندی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بھی منگل کو جیل کے دورے کا پروگرام تھا، جس کے پیشِ نظر سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی پر مبنی سوشل میڈیا پوسٹ پر مقدمہ درج
حکام نے واضح کیا ہے کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔














