وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران مزدوروں میں رہائشی فلیٹس کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کیے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کے اس مشکل دور میں اپنا گھر ہونا کسی نعمت سے کم نہیں اور ہر شخص کا خواب ہوتا ہے کہ اس کی اپنی چھت ہو۔ مریم نواز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو گھروں کی فراہمی دیکھ کر انہیں دلی سکون ملا ہے، کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں گھر بنانا ایک انتہائی کٹھن کام بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کا بے گھر افراد کو 3 مرلے کا پلاٹ مفت دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے قلیل مدت میں ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ فلیٹس مستحق مزدوروں کو بالکل مفت فراہم کیے جارہے ہیں، جن کے لیے ان سے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا گیا۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہر رہائشی فلیٹ کی تعمیر پر حکومت کے 35 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ مریم نواز نے مزید اعلان کیا کہ فلیٹس کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے لیے 3، 3 مرلے کے پلاٹس بھی مختص کیے گئے ہیں جو کہ مکمل طور پر ’فری آف کاسٹ‘ دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 1845 افراد کو 5 ارب سے زائد کے قرضے جاری
تقریب کے دوران مریم نواز نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف نے جو درخت لگایا تھا، آج وہ پھلدار بن گیا ہے‘ اور مزدوروں کو گھر ملنے پر نواز شریف خود بھی بہت خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 720 فلیٹس دیے جا رہے ہیں، جبکہ ٹیکسلا میں بھی 500 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے منصوبے جاری رہیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس زمین نہیں، مفت فراہم کریں گے، پندرہ لاکھ محنت کشوں کوراشن کارڈ دیا ہے، غریب اوردرمیانےطبقے کو اپنی چھت فراہم کرنا ترجیح ہے، ستھرا پنجاب منصوبہ دنیا بھرمیں بطورماڈل پیش کیا جارہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کا دائرہ کار پورے صوبےتک پھیلایا گیا، اس ہفتےآذربائیجان کا دورہ کروں گی۔














