لاہور میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، نشیبی علاقے زیرِ آب

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں روز گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 10 سے 13 مئی کے دوران ملک کے بالائی علاقوں بشمول لاہور میں بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں موسلادھار بارش، 171 ملی میٹر بارش ریکارڈ، چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

واسا کے اعداد و شمار کے مطابق شام 6:35 بجے تک سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 95 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دیگر علاقوں میں پانی والا تالاب میں 79، سگیاں میں 53.2، گلشنِ راوی میں 45.8 اور جیل روڈ پر 44 ملی میٹر بارش ہوئی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی اوسط شرح 34 ملی میٹر رہی، تاہم رپورٹنگ کے وقت تمام علاقوں میں بارش تھم چکی تھی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بجلی کے کھمبوں و تاروں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان، جنوبی علاقوں میں گرمی برقرار

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عمر جاوید نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں سے پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ریسکیو 1122 اور واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں۔

واسا کے ایم ڈی غفران احمد اور صوبائی وزیر بلال یاسین نے لکشمی چوک سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کر کے نکاسیِ آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔

واسا حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل فعال رکھا جائے اور خاص طور پر گڑھی شاہو، مال روڈ اور دیگر نشیبی علاقوں کی خصوصی نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہوسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp