ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریبِ تقسیمِ اعزازات میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قومی خدمات اور بے مثال بہادری کے اعتراف میں فوجی افسروں اور جوانوں کو عسکری اعزازات سے نوازا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید کو خوارج کے خلاف جرات مندانہ کارروائی اور عظیم قربانی پر بعد از شہادت “ستارۂ بسالت” عطا کیا گیا۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف فوجی افسروں اور جوانوں کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات، شجاعت اور قربانیوں کے اعتراف میں عسکری اعزازات سے نوازا۔
At Aiwan-e-Sadr, Islamabad, President Asif Ali Zardari is set to present military honors to military personnel in recognition of their exceptional services.#PakistanConnect pic.twitter.com/OkHC56yDL8
— P Connect (@ConnectingPak) May 14, 2026
تقریب کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید کو ان کی بے مثال بہادری اور جرات کے اعتراف میں بعد از شہادت “ستارۂ بسالت” عطا کیا گیا۔ بتایا گیا کہ 4 اور 5 اکتوبر 2024 کی درمیانی شب وہ معمول کی عسکری ذمہ داریوں پر مامور تھے کہ انہیں نامعلوم خوارج کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملی۔
لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید کی قیادت میں دو ایکشن ٹیمیں خوارج کا تعاقب کرنے اور انہیں روکنے کے لیے روانہ کی گئیں۔ تاہم گاؤں میں سرچ آپریشن مکمل کرکے واپسی کے دوران دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کر دیا۔
حملے کے وقت لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید اپنی ٹیم کی پہلی گاڑی میں موجود تھے، جو شدید فائرنگ کے باعث الٹ گئی۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کی پیش قدمی روکنے کے لیے دفاعی پوزیشن سنبھالی اور جوانوں کی قیادت جاری رکھی۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو قومی اعزازات سے نواز دیا
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران انہیں تین گولیاں لگیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
تقریب میں ان کی قربانی اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید کا کردار اس عزم کی روشن مثال ہے کہ پاک فوج کے جوان وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر وقت جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسی تقریب کے دوران سپاہی اسرار محمد کو بھی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کے اعتراف میں ’ستارۂ بسالت‘ سے نوازا گیا۔
سپاہی اسرار محمد افغانستان میں پاکستانی ناظم الامور کے ساتھ بطور سیکیورٹی گارڈ فرائض انجام دے رہے تھے۔ 2 دسمبر 2022 کی شام پاکستانی ناظم الامور سفارت خانے کے احاطے میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اسی دوران سفارت خانے کے باہر ایک بلند عمارت سے ان پر اسنائپر رائفل کے ذریعے حملہ کیا گیا اور تقریباً 100 گولیاں فائر کی گئیں۔
حملے کے وقت سپاہی اسرار محمد ناظم الامور کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فوری طور پر ناظم الامور کے سامنے خود کو ڈھال بنا لیا۔ اس دوران انہیں دو گولیاں لگیں، جن میں ایک سینے جبکہ دوسری گھٹنے پر لگی، تاہم شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے ناظم الامور کو تنہا نہیں چھوڑا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آصف علی زرداری کی 1,989 فوجی اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری
سپاہی اسرار محمد مسلسل فائرنگ کے دوران ناظم الامور کو دھکیلتے ہوئے حفاظتی دیوار تک لے گئے تاکہ انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔ چند منٹ بعد دیگر سیکیورٹی اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، تاہم شدید زخمی ہونے کے باوجود سپاہی اسرار محمد اپنی ڈیوٹی چھوڑنے پر آمادہ نہیں تھے۔
بعد ازاں صورتحال قابو میں آنے پر انہیں کابل کے فوجی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد پاک فوج کے آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا۔
تقریب میں سپاہی اسرار محمد کی جرات، بہادری اور جوانمردی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ ان کے کردار کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔
ایئر مارشل کاشف قمر کو بے مثال کارکردگی پر ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا، ایئر مارشل عامر شہزاد کو بھی غیر معمولی خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری ایوارڈ دیا گیا، ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات کو پیشہ ورانہ خدمات پر ہلال امتیار ملٹری دیا گیا، میجر جنرل محمد شاہد ابڑو کو قومی خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
میجر جنرل سبطین رفیق کو شاندار خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری، ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک اور ایئر ایڈمرل رضوان صادق کو ہلال امتیاز ملٹری اور میجر جنرل محمد مقبول رضا کو بھی ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔ ایئر وائس مارشل شاہد منصور جہانگیری کو بھی ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا۔
ایئر وائس مارشل خالد محمود کو گرانقدر خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا، میجر جنرل اعجاز احمد کو بھی ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا، میجر جنرل ملک محمد شہزاد کو ہلال امتیاز ملٹری، میجر جنرل عامر اشفاق کیانی کو ہلال امتیاز ملٹری، ایئر وائس مارشل طاہر محمود کو ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا۔
میجر جنرل قیصر سلیمان کو قومی خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز ملٹری، میجر جنرل عمر نسیم کو ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا۔














