صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو قومی اعزازات سے نواز دیا

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو قومی اعزازات سے نواز دیا۔

ایوان صدر میں اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ان شخصیات میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔

توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نمایاں کارکردگی پر وفاقی وزیر اویس لغاری کو ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ توانائی اور خدماتِ عامہ کے شعبے میں کردار ادا کرنے پر مشیر نجکاری محمد علی کو بھی ہلالِ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔

کھیل کے میدان میں خدمات کے اعتراف میں سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا، جبکہ معروف کوہ پیما شہروز کاشف کے لیے دیا گیا ہلالِ امتیاز ان کی والدہ نے وصول کیا۔

جمہوریت کے لیے جدوجہد پر نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کو نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔ ادبی خدمات کے اعتراف میں عطاالحق قاسمی کو نشانِ امتیاز جبکہ ادب اور خدماتِ عامہ میں کردار پر عرفان الحق صدیقی مرحوم کے لیے بھی نشانِ امتیاز کا اعلان کیا گیا۔

ادبی میدان میں خدمات انجام دینے پر اصغر ندیم سید کو ہلالِ امتیاز دیا گیا۔

غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے پر سپاہی اظہر محمود کو ہلالِ شجاعت سے نوازا گیا، جبکہ دفاعِ وطن میں شہادت پانے والے سپاہی شاہ ولی خان کو بھی اسی اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔

قابلِ قدر خدمات کے اعتراف میں اے ایس آئی اعجاز خان شہید اور وطن پر جان نچھاور کرنے والے کانسٹیبل عالم زیب شہید کو ہلالِ شجاعت دیا گیا۔ پولیس لائن بنوں میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے والے کانسٹیبل حفیظ اللہ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز خود کش حملہ آور کو روکتے ہوئے شہید ہونے والے لیاقت علی کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا، اور یہ اعزاز ان کی والدہ نے ایوان صدر نے وصول کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp