زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کا رجحان، 4 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا اضافہ

جمعرات 14 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں بیرونی ادائیگیوں اور ڈپازٹس کے رول اوور ہونے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 8 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 4 کروڑ 32 لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 21 ارب 33 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں بڑا اضافہ، آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر موصول

اس مثبت تبدیلی میں مرکزی بینک اور کمرشل بینکوں دونوں کے ذخائر میں اضافہ شامل ہے، اسٹیٹ بینک کے اپنے ذخائر ایک کروڑ 67 لاکھ ڈالر کے اضافے کے ساتھ 15 ارب 86 کروڑ 74 لاکھ ڈالر ہوچکے ہیں۔

معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ آئی ایم ایف کی قسط کی مد میں متوقع ایک ارب 30 کروڑ ڈالر اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متوقع 25 کروڑ ڈالر کی وصولی کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر رواں مالی سال کے لیے مقررہ 18 ارب ڈالر کے ہدف کے انتہائی قریب پہنچ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 21.293 ارب ڈالر تک پہنچ گئے

دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی اضافے کا تسلسل برقرار ہے، جو حالیہ کاروباری ہفتے میں 2 کروڑ 65 لاکھ ڈالر بڑھ کر 5 ارب 46 کروڑ 93 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

معاشی حلقوں کو توقع ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے لیے آنے والی ترسیلاتِ زر بھی ذخائر کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp