شی جن پنگ نے بائیڈن دور کو امریکی زوال قرار دیا، ٹرمپ کا دعویٰ

جمعہ 15 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کے اس مبینہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چین نے امریکا کو ‘زوال پذیر قوم’ قرار دیا تو اس سے مراد ان کے بقول سابق صدر جو بائیڈن کا دورِ حکومت تھا، نہ کہ موجودہ ٹرمپ انتظامیہ۔

ٹرمپ نے چین کے دورے کے دوران اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری بیان میں کہا کہ شی جن پنگ نے امریکا کی تنزلی کا ذکر ‘انتہائی شائستگی’ سے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی 2 سب سے بڑی معیشتیں چین اور امریکا مقابلہ نہیں شراکت داری کو ترجیح دیں، چینی صدر شی جن پنگ

صدر ٹرمپ کے مطابق چینی صدر دراصل بائیڈن انتظامیہ کے 4 برسوں میں ہونے والے نقصان کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس عرصے میں امریکا کو کھلی سرحدوں، بلند ٹیکسوں، جرائم، متنازع سماجی پالیسیوں اور خراب تجارتی معاہدوں جیسے مسائل کا سامنا رہا۔

امریکی صدر نے اپنی حکومت کے ابتدائی 16 ماہ کو ‘شاندار’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں امریکی اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں پر پہنچی، روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا۔

ان کے مطابق ان کے دور حکومت میں بیرونی سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، اور اب امریکا دوبارہ معاشی اور عسکری طاقت بن چکا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران اور وینزویلا سے متعلق پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج دنیا کی سب سے مضبوط فوج بن چکی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر کا دورہ چین: امریکا اور چین کے تعلقات دنیا کی تاریخ کے سب سے اہم تعلقات میں سے ایک ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے مختصر عرصے میں حاصل ہونے والی ‘کامیابیوں’ پر انہیں مبارکباد دی ہے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر ٹرمپ نے کہا کہ 2 سال پہلے امریکا واقعی تنزلی کا شکار تھا، اس معاملے پر وہ شی جن پنگ سے مکمل اتفاق کرتے ہیں۔

‘۔۔۔ لیکن اب امریکا دنیا کی سب سے مقبول اور طاقتور قوم بن چکا ہے۔۔۔ مستقبل میں امریکا اور چین کے تعلقات مزید مضبوط اور بہتر ہوں گے۔’

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp