’کوکین کوئین‘ انمول پنکی کو 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا

ہفتہ 16 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کی مقامی عدالت نے منشیات فروش انمول عرف پنکی، جسے ’کوکین کوئین‘ بھی کہا جاتا ہے، کا جسمانی ریمانڈ 22 مئی تک منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کردیا۔

کراچی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں ضلع وسطی میں درج ایک مقدمے کے سلسلے میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے اس کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست بھی دائر کی گئی۔

مزید پڑھیں: انمول پنکی کی ایک اور مقدمے میں پیشی، میڈیا سے بات کرنے کی درخواست

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کا نیٹ ورک نہ صرف کراچی بلکہ پنجاب اور لاہور تک پھیلا ہوا ہے جبکہ اس کے روابط نائجیرین جرائم پیشہ افراد سے بھی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کے موبائل فون سے قریباً 800 افراد پر مشتمل ایک فہرست ملی ہے۔ تفتیشی افسر نے دعویٰ کیا کہ انمول نے منشیات فروشی کا باقاعدہ برانڈ قائم کر رکھا تھا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کافی عرصے سے اس کی تلاش میں تھے۔

ان کے بقول ملزمہ کی نشاندہی پر مزید منشیات برآمد کی گئی ہیں جبکہ اس کے خلاف مزید 11 مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔

افسر نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ملزمہ کا تعلق اصل میں لاہور سے ہے، تاہم اس کے شناختی کارڈ پر اب بھی کراچی کا پتا درج ہے۔

مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملزمہ گزشتہ 15 برس سے یہ نیٹ ورک چلا رہی تھی اور گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے پنجاب میں ایک ڈی ایس پی سے بھی شادی کی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے مجموعی طور پر تین شادیاں کیں لیکن نادرا ریکارڈ میں ان کا اندراج موجود نہیں۔

دوران سماعت عدالت نے قتل کیس کے حوالے سے تفتیش پر سوال اٹھایا اور مقتول کی شناخت سے متعلق دریافت کیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ لاش کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی، تاہم مقتول کے قبضے سے ملزمہ کے مبینہ برانڈ کی منشیات کی ڈبی ملی تھی جس سے تفتیش کا رخ ملزمہ کی جانب گیا۔

عدالت میں گفتگو کے دوران ملزمہ انمول عرف پنکی نے پولیس کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسے 20 سے 22 روز قبل لاہور سے حراست میں لیا گیا تھا اور ایک نامعلوم مقام پر آنکھوں پر پٹی باندھ کر رکھا گیا۔

اس کا کہنا تھا کہ بعد میں اسے ہدایت دی گئی کہ چھاپے کے وقت دروازہ مسکرا کر کھولنا ہے۔

ملزمہ نے الزام لگایا کہ پولیس نے اس پر مخصوص افراد کے نام لینے کے لیے دباؤ ڈالا اور انکار کی صورت میں اہلخانہ کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیں۔

ملزمہ کے وکیل نے بھی پولیس پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریمانڈ ختم ہونے کے باوجود ملزمہ کو بروقت پیش نہیں کیا گیا۔

وکیل کے مطابق قتل کا مقدمہ اپریل میں درج ہوا جبکہ اس وقت ملزمہ لاہور میں موجود تھی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس جس منشیات کی ڈبی کا حوالہ دے رہی ہے، ویسی ڈبیاں تیار کرنا مشکل نہیں۔

تاہم جج نے وکیل کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزمہ کو مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش کیا گیا، اس لیے عدالتی حکم عدولی کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔

اسی کیس میں 2 دیگر ملزمان ذیشان اور سہیل کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دونوں نے خود کو سگے بھائی اور ایزی پیسہ شاپ کے مالک قرار دیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ان کی دکان کے ذریعے ملزمہ کے نیٹ ورک کے لیے کروڑوں روپے کا غیر قانونی لین دین کیا گیا جبکہ ایک اور ملزم قمر تاحال مفرور ہے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جس کے بعد سٹی کورٹ نے انمول عرف پنکی کا جسمانی ریمانڈ 22 مئی تک منظور کرتے ہوئے اسے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کر دیا۔

مزید پڑھیں: ’مجھے لاہور سے گرفتار کرکے یہاں لائے ہیں‘، انمول پنکی کی عدالت میں دہائی

میڈیا رپورٹس کے مطابق بغدادی تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔

عدالت نے انمول عرف پنکی کو دیگر مقدمات کے حوالے سے عدالتی تحویل میں جیل منتقل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں شروع

2 اسلامی ملکوں میں ذوالحج کا چاند نظر آنے کی تصدیق، عید الاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نئے صوبائی وزرا سے حلف لے لیا

رانا مشہود کی یونیسکو ڈائریکٹر سے ملاقات، نوجوانوں کو بااختیار بنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

ملک میں کاروباری سرگرمیاں تیز، 10 ہزار سے زیادہ نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

ویڈیو

چین سے امریکا اور ایران تک، دنیا کا پاکستان پر اعتماد، اسلام آباد کے شہریوں کی حکومت اور پاک فوج کو خراجِ تحسین

معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے مین اسٹریم سوشل آرگنائزیشن مشن امریکا کی کوششیں

حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات جاری، آئندہ مالی سال کا بجٹ کیسا تیار ہونے جا رہا ہے؟

کالم / تجزیہ

قدم قدم سوئے حرم

میڈیا اور پروپیگنڈا

جب محافظ ہی زہر فروشوں کے نگہبان بن جائیں