تھائی لینڈ نے 90 سے زائد ممالک کے لیے ‘ویزا فری’ قیام کی مدت کم کردی

منگل 19 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھائی لینڈ کی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے 90 سے زائد ممالک کے لیے ‘ویزا فری’ قیام کی مدت میں مائینڈ شیٹر کٹوتی کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے۔

تھائی لینڈ کی معیشت کے لیے سیاحت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تاہم حالیہ دنوں میں غیر ملکیوں کی منشیات فروشی، انسانی اسمگلنگ اور بغیر اجازت ہوٹل و اسکول چلانے جیسے سنگین جرائم میں گرفتاریوں کے بعد یہ سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ نے سیاحوں کو بغیر ویزا ملک میں داخل ہونے اور 60 دن تک رہنے کی اجازت دے دی

موجودہ مروجہ قانون کے تحت یورپی ممالک، امریکہ، اسرائیل اور جنوبی امریکہ سمیت 90 سے زائد ممالک کے سیاحوں کو تھائی لینڈ میں بغیر ویزا 60 دنوں تک قیام کرنے کی قانونی اجازت حاصل تھی۔

تھائی لینڈ کے وزیر سیاحت سوراسک پھانچاروینوراکول نے بینکاک میں میڈیا کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ویزا فری قیام کی مدت میں کمی کرنے کی اس اہم تجویز کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت اب قیام کی مدت کا فیصلہ ملک بہ ملک بنیادوں پر کیا جائے گا، جس کے بعد زیادہ تر ممالک کے شہریوں کو 30 دن جبکہ چند مخصوص ممالک کے مسافروں کو صرف 15 دن قیام کی اجازت ہوگی۔

تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سیہاسک پھوانگ کیٹکیو کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کسی مخصوص ملک کو نشانہ بنانا نہیں، بلکہ ویزا فری سسٹم کا ناجائز فائدہ اٹھا کر جرائم کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا نے 20 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کردیا

حکومتی ترجمان رتشاردا دھانادیریک نے واضح کیا کہ سیاح معیشت کے لیے فائدہ مند ہیں، مگر موجودہ لبرل ویزا اسکیم کا کچھ جرائم پیشہ افراد کی جانب سے غلط استعمال کیا جا رہا تھا جسے روکنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں ویزا فری قیام کی مدت پہلے 30 دن ہی تھی، مگر معیشت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جولائی 2024 میں حکومت نے اسے بڑھا کر 60 دن کر دیا تھا۔

تھائی لینڈ کی جی ڈی پی میں سیاحت کا حصہ 10 فیصد سے زیادہ ہے، لیکن کورونا وبا کے بعد سے اب تک غیر ملکی سیاحوں کی آمد اس سطح پر واپس نہیں آ سکی جو وبا سے پہلے دیکھی گئی تھی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس میں مشرق وسطیٰ کے سیاحوں میں نمایاں کمی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ ممالک جن کی شہریت پیسے دے کر خریدی جا سکتی ہے؟

ان تمام چیلنجز کے باوجود تھائی لینڈ کی انتظامیہ کو امید ہے کہ رواں سال کے اختتام تک ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 33 ملین تک پہنچ جائے گی جو گزشتہ سال 33 ملین تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp