راولپنڈی جرگہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کو نوٹس جاری

بدھ 20 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرگے کے فیصلے پر قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی ضمانتوں کیخلاف درخواست پر سپریم کورٹ نے تمام ملزمان کو نوٹس جاری کردیے۔

راولپنڈی میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے قتل میں نامزد ملزمان کی ضمانتوں کے خلاف پنجاب پروسیکیوشن کی اپیلوں پر ملزمان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ بینچ میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: انور سیف اللہ کیس: سپریم کورٹ نے 2 دہائیوں بعد سزا کالعدم قرار دیدی

سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد رضا گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو جرگے کے فیصلے پر کشمیر سے واپس بلا کر قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد دفن بھی کر دیا گیا تھا۔

عدالتی استفسار پر احمد رضا گیلانی نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس میں لازمی نوٹس جاری کیے جائیں اور ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر سماعت کی جائے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: خان پور میں دہشتگردی کیس میں مجرم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

عدالت نے پنجاب پروسیکیوشن کی درخواستوں پر ملزمان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ واقعے کا مقدمہ فوجی کالونی پیرودہائی راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا۔

مقدمے کے مطابق پسند کی شادی پر لڑکی کو جرگے کے فیصلے کے تحت اہل خانہ کے سامنے قتل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ حیدر سعید کی ضمانت منظور

قتل کے بعد خواتین نے مقتولہ کو غسل دیا جبکہ لاش کو لوڈر رکشہ کے ذریعے قبرستان منتقل کرکے دفن کیا گیا۔

پروسیکیوشن کے مطابق جولائی 2025 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ ملزم ظفراللہ اور دیگر کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp