پاکستان میں عید الاضحیٰ کے ایام کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 سے 31 مئی تک ملک کے بیشتر حصوں میں شدید ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے، جس کے دوران بعض علاقوں میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلی اور ایل نینو کے اثرات، چاول کی عالمی سپلائی شدید خطرات سے دوچار
ملک بھر میں عید الاضحیٰ 27 مئی (بدھ) کو منائی جائے گی، جبکہ وفاقی حکومت نے 26 سے 28 مئی (منگل سے جمعرات) تک 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان کررکھا ہے۔
ہیٹ ویو کی وجہ اور درجہ حرارت کی ممکنہ صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی کو بالائی فضا میں ہائی پریشر (شدید دباؤ) پیدا ہونے کا امکان ہے جو 26 مئی کو مزید شدت اختیار کر جائے گا، جس کے اثر کے تحت 25 سے 31 مئی کے دوران ملک میں “معتدل سے شدید” ہیٹ ویو کی لہر چلے گی۔
47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ والے اضلاع
سکھر، شکارپور، قنبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، میرپورخاص، جامشورو، سانگھڑ، سبی، تربت، پنجگور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک، لکی مروت، وزیرستان، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جوہرآباد، خوشاب، میانوالی، نورپورتھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ساہیوال میں درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے اور 47 سے 50°C تک بڑھنے کا امکان ہے۔
42سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ والے علاقے
پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، مظفرآباد، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا، جس سے پارہ 42 سے 45°C تک جا سکتا ہے۔
بالائی علاقے اور کراچی
مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان، باغ، راولاکوٹ، نیلم ویلی، حویلی اور سدھنوتی میں درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری زیادہ رہنے کے بعد 38 سے 40°C تک پہنچ سکتا ہے۔ کراچی کے لیے محکمہ موسمیات نے “انتہائی گرم موسم” کی پیشگوئی کی ہے جہاں درجہ حرارت 35 سے 38°C کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شہریوں اور کسانوں کے لیے اہم ہدایات
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس دوران رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے عوام، بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو احتیاط برتنے، دھوپ میں بلا ضرورت نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے کن حصوں میں اور کب تک شدید ہیٹ ویو رہے گی؟
اس کے علاوہ، کسانوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق فصلوں کے معاملات سنبھالنے اور مویشیوں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے پانی اور بجلی کا استعمال احتیاط سے کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔













