فرنچ اوپن (رولینڈ گیروس) کی تاریخ میں پہلی بار ایک انوکھا اور تاریخی واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بیلاروس کی عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار آرینا سبالینکا کے پالتو کتے کو ٹورنامنٹ کی آفیشل ایکریڈیٹیشن جاری کردیا گیا ہے۔
دنیا کے بڑے ٹینس ٹورنامنٹس میں شمار ہونے والے گرینڈ سلیم ‘رولینڈ گیروس’ کے انتظامیہ نے سبالینکا کے نو اپنائے گئے کتے، جس کا نام ‘ایش’ ہے، کو باقاعدہ طور پر ٹورنامنٹ پاس جاری کیا ہے۔ کتے کا نام ٹینس کی دنیا کے عظیم کھلاڑی ‘آرتھر ایش’ کے نام پر رکھا گیا ہے۔

یہ غیر معمولی واقعہ اس وقت سامنے آیا جب آرینا سبالینکا پیرس پہنچیں اور ٹورنامنٹ کے لیے اپنا آفیشل پاس لینے لگیں، تو انتظامیہ نے ان کے پالتو کتے کو بھی ایک آفیشل ممبر کے طور پر ایکریڈیٹیشن کارڈ تھما دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔














