یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی کے زیرِ اہتمام جشنِ معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی تیسری تقریب 24 مئی 2026 کو فرینکفرٹ، جرمنی میں منعقد ہوئی۔
اس پروگرام میں اوورسیز پاکستانیوں، جرمن کشمیری کمیونٹی، بچوں، خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
مزید پڑھیں: پاکستان ہائی کمیشن نیروبی میں معرکہ حق کی تقریب، پاکستان زندہ باد کے نعرے، مسلح افواج کو خراج تحسین
تقریب کا آغاز جرمنی اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔ شرکا نے پاکستان کے قومی پرچم تھام رکھے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کی بڑی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔
فرینکفرٹ، جرمنی میں “جشنِ معرکۂ حق – آپریشن بنیانٌ مرصوص” کی شاندار تقریب منعقد، اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان آرمی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھرپور محبت کا اظہار کیا۔تقریب “پاکستان زندہ باد” اور “پاکستان آرمی زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ pic.twitter.com/WHAphc9MBb
— WE News (@WENewsPk) May 25, 2026
پورا ہال پاکستانی اور جرمن پرچموں سے سجا ہوا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور یکجہتی کی علامت تھا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ معروف گلوکار وکی چوہدری نے ملی نغمہ دل دل پاکستان پیش کیا جس پر شرکا نے بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ حاضرین نے پاکستان کا قومی ترانہ بھی نہایت جذبے اور ولولے کے ساتھ گایا۔
اس پروگرام کے منتظمین میں چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی گوہر باجوہ آف چوونڈہ، صدر یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی انصر بٹ، چوہدری غلام غوث گجر آف مرالی اور چوہدری احسان الٰہی شامل تھے۔
تقریب میں خصوصی شرکت حاجی قمر زمان آف سیکروالی، صدر ورلڈ اسلامک مشن اور چوہدری مظہر دیونا نے کی۔ پروگرام کی صدارت صدر پی او اے ایف یورپ چوہدری اعجاز پیارا نے کی۔
ایک کمسن بچے نے ڈچ زبان میں خطاب کیا جبکہ وزیراعظم یوتھ یورپ سے وابستہ ایک نوجوان بچی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اوورسیز پاکستانی نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا۔
شریف اکیڈمی کے شفیق مراد نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔ شریف اکیڈمی کو اوورسیز پاکستانیوں میں اردو زبان کے فروغ اور ترویج کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر سراہا گیا۔
چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر (تمغہ خدمت) تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ پاک فوج ہر نازک صورتحال میں مادرِ وطن کا دفاع کر رہی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
پرویز اقبال لوسر نے کہاکہ پاکستان آرمی ہماری اپنی فوج ہے اور ہمیں پاکستان دشمن عناصر کی جانب سے خصوصاً سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے اور غلط معلومات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن، اپنی فوج اور اپنے فیلڈ مارشل سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اور قومی اداروں سے محبت و وابستگی ہمیشہ مضبوط ہوتی رہے گی جو امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے گی۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق کا جشن: قطر کے شہر لوسیل میں واقع ٹوئن ٹاورز بھی سبز ہلالی رنگ سے روشن
پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف دشمنوں کا منفی پروپیگنڈا ناکام ہوگا۔ 10 مئی کو پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکا نے پاکستان ہمیشہ زندہ باد، پاکستان آرمی زندہ باد اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور پاکستان سے اپنی محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔













