اسلام آباد اور راولپنڈی میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات کے اوقات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: عید تعطیلات: اسلام آباد میں مؤثر ٹریفک انتظامات یقینی بنانے کے لیے جامع پلان کا جائزہ
وفاقی دارالحکومت کی سب سے بڑی عبادت گاہ فیصل مسجد میں نمازِ عید صبح 6:30 بجے ادا کی جائے گی، جہاں ڈاکٹر محمد الیاس نمازِ عید پڑھائیں گے۔
جامعہ اسلام آباد آئی ایٹ مرکز میں مفتی ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی کی اقتدا میں نمازِ عید صبح 6:00 بجے ادا ہوگی، جبکہ مرکزی عیدگاہ شریف راولپنڈی میں مولانا حافظ محمد اقبال رضوی کی امامت میں نمازِ عید صبح 6:30 بجے ہوگی۔
اسی طرح جامع مسجد انوارِ مدینہ اے بلاک میڈیا ٹاؤن میں مفتی ڈاکٹر محمد ظہور جلالی نمازِ عید پڑھائیں گے، جبکہ جامع مسجد ڈی بلاک میڈیا ٹاؤن میں نمازِ عید صبح 6:15 بجے ادا کی جائے گی۔
دیگر اجتماعات میں جامع مسجد سی بلاک میڈیا ٹاؤن، جامع مسجد غوثیہ عزیز آباد، ادارہ تعلیمات اسلامیہ جیابان سرسید، آستانہ عالیہ نقشبندیہ بہارہ کہو، مرکزی جامع مسجد ٹنچ بھاٹہ اور دیگر مقامات شامل ہیں، جہاں مختلف اوقات میں نمازِ عید ادا کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ سیزن: مویشیوں کے چارے، سامان سجاوٹ کے عارضی اسٹالز، کم وقت میں بڑی کمائی کا ذریعہ
علمائے کرام نے نمازِ عید کے بعد ملکی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے، جبکہ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ نمازِ عید کے اجتماعات میں بروقت شرکت کریں اور ٹریفک ہدایات پر مکمل عمل کریں۔













