ایرانی صدر کا شہبازشریف سے رابطہ:’امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور یہ ایرانی قوم کے وقار اور عزت کے مطابق ہوگا‘، وزیراعظم

بدھ 27 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور خطے میں جاری امن کوششوں سمیت باہمی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً تیس منٹ تک گرمجوش اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی۔ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر نے ایک دوسرے، دونوں ممالک کے عوام اور پوری مسلم اُمہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت دیگر علاقائی ممالک بھی امن کوششوں میں شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدہ آئندہ چند گھنٹوں میں متوقع، العربیہ نیوز کا دعویٰ

وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران میں ایرانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی قیادت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور یہ ایرانی قوم کے وقار اور عزت کے مطابق ہوگا۔ ان کے مطابق خطے میں امن بحال ہونے سے ایران کی معاشی صلاحیتوں کے نئے دروازے کھلیں گے، جس سے پورا خطہ فائدہ اٹھا سکے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا اور امن کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp