ہالی ووڈ کی شہرہ آفاق اداکارہ، ماڈل اور ثقافتی علامت مارلن منرو کی پیدائش کے 100 سال مکمل ہونے پر امریکا میں خصوصی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔
پیر کو ہالی ووڈ میں شروع ہونے والی ان تقریبات کا مقصد فلمی دنیا کی اس لازوال شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے، جس نے 20ویں صدی کے وسط میں عالمی شہرت حاصل کی اور آج بھی فلمی تاریخ کی سب سے معروف شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مارلن منرو کا آخری پیغام، خفیہ تحریریں اور نایاب اشیا پہلی بار نیلامی کے لیے پیش
اس سلسلے میں تاریخی چائنیز تھیٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جہاں مارلن منرو کے ہاتھوں کے نشانات محفوظ ہیں۔
مداح ان کی سالگرہ کے موقع پر ’ہیپی برتھ ڈے‘ گانا گائیں گے، جو اس مشہور لمحے کی یاد تازہ کرے گا جب مارلن منرو نے 1962 میں امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے لیے سالگرہ کا نغمہ پیش کیا تھا۔
More than 1,000 people dressed as Marilyn Monroe gathered in Palm Springs, California, for a record-setting celebration. The Hollywood icon would have turned 100 years old on Monday. https://t.co/Vj3W9Xhchx pic.twitter.com/zurbtBpffh
— ABC News (@ABC) June 1, 2026
تقریب کے دوران 100 گلاب اور ایک خصوصی کیک بھی رکھا جائے گا۔
مارلن منرو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ اتوار کو ہی شروع ہو گیا تھا، جب اکیڈمی میوزیم میں ’مارلن منرو: ہالی ووڈ آئیکون‘ کے عنوان سے ایک خصوصی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔
فروری 2027 تک جاری رہنے والی اس نمائش میں مارلن منرو کی زندگی اور فلمی سفر سے متعلق سینکڑوں نایاب اشیا رکھی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹائٹینک حادثے میں مسافر کی جان بچانے والا لائف جیکٹ کی حیران کن قیمت میں نیلامی
ان میں ان کا مشہور گلابی لباس بھی شامل ہے، جو انہوں نے فلم ’جنٹلمین پروفر بلونڈز‘ میں ’ڈائمنڈز آر اے گرلز بیسٹ فرینڈ‘ کی یادگار پرفارمنس کے دوران پہنا تھا۔
میوزیم پورے مہینے کے دوران ان کی معروف فلموں کی خصوصی نمائش بھی کرے گا، جن میں نیاگرا، دی سیون ایئر اچ، سم لائک اٹ ہاٹ اور دی مسفٹس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 4 جون کو ’100 ایئرز آف مارلن‘ کے عنوان سے ایک خصوصی نیلامی بھی منعقد ہوگی، جس میں ان سے منسوب تقریباً 200 نایاب اشیا فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: ’بیوٹی کوئین‘ مدھو بالا کی زندگی پر فلم بنانے کا باضابطہ اعلان
مارلن منرو یکم جون 1926 کو لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں۔ ان کا بچپن یتیم خانوں اور رضاعی گھروں میں گزرا۔
تاہم انہوں نے ماڈلنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں ہالی ووڈ کی سب سے بڑی ستاروں میں شامل ہو گئیں۔
1950 کی دہائی میں انہوں نے نہ صرف اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کی بلکہ خواتین کے حقوق اور فلمی صنعت میں صنفی امتیاز کے خلاف بھی آواز بلند کی۔
1962 میں صرف 36 برس کی عمر میں ان کا انتقال ہو گیا، مگر ان کی شخصیت اور فن آج بھی دنیا بھر میں مقبول ہیں۔













