ملک میں گدھوں اور خچروں سمیت دیگر مویشیوں کی تعداد میں اضافہ

پیر 1 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں مویشیوں اور باربرداری کے جانوروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ گدھوں کی آبادی بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید بڑھ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ دستاویزات کے مطابق ملک میں گدھوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران ایک لاکھ 13 ہزار کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 60 لاکھ 47 ہزار سے بڑھ کر 61 لاکھ 60 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق بھینسوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران 14 لاکھ 17 ہزار بھینسوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ان کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار سے بڑھ کر 4 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار ہوگئی۔

دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ 92 ہزار جبکہ بکریوں کی تعداد میں 24 لاکھ 22 ہزار کا اضافہ ہوا۔ اسی عرصے کے دوران اونٹوں کی تعداد 16 ہزار بڑھ گئی۔

دیگر جانوروں کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گھوڑوں کی تعداد میں 3 ہزار جبکہ خچروں کی تعداد میں 4 ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp