بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھورہ ڈکشٹ نے فلم انڈسٹری میں خوبصورتی کے بدلتے اور سخت معیار پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے میں جنس پرستی اور عمر پرستی اب بھی گہرے طور پر موجود ہیں۔
مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ اداکاراؤں کو ہر عمر میں اپنی ظاہری شکل کی بنیاد پر غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد ملاقاتوں کے دوران لوگ اکثر ذاتی نوعیت کے تبصرے کرتے ہیں جیسے ’آپ موٹی ہو گئی ہیں‘ یا ’آپ کے بال سفید ہو گئے ہیں‘ جبکہ یہ بات نظر انداز کر دی جاتی ہے کہ کسی شخص نے اپنی زندگی اور کیریئر میں کیا خدمات انجام دی ہیں یا وہ کس کیفیت سے گزر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ’دیوداس‘ کے گانے ’ڈولا رے‘ کی 17 روزہ شوٹنگ، مادھوری ڈکشٹ سے متعلق حیران کن انکشاف
مادھوری ڈکشٹ کے مطابق لوگوں کو ان کی اصل حالت میں قبول کرنا چاہیے اور کسی کی جسمانی تبدیلی کو تنقید کا موضوع نہیں بنانا چاہیے۔ اپنے کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مختلف اور متنوع کردار ادا کرنے سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں ان کی زیادہ تر فلمیں سنجیدہ نوعیت کی تھیں تاہم اس بار انہوں نے کامیڈی کا انتخاب کیا کیونکہ انہیں ایک نئے انداز کا تجربہ کرنا تھا۔
فلم میں وہ نئی اداکارہ دھارنا درگا کے ساتھ بھی جلوہ گر ہوں گی۔ مادھوری نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران انہوں نے نوجوان اداکارہ کو مکمل اعتماد دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ پہلی بار ملیں تو دھارنا درگا جذباتی ہو گئی تھیں اور انہیں خدشہ تھا کہ وہ پرفارم نہیں کر سکیں گی تاہم انہوں نے انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیٹ پر ایک ساتھ بہترین کام کریں گے۔














