امریکی ٹینس اسٹار اور 23 گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز کی فاتح سرینا ولیمز نے تقریباً 4 سال کے وقفے کے بعد مسابقتی ٹینس میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ سرینا اگلے ہفتے لندن میں ہونے والے کوئنز کلب ٹورنامنٹ میں ویمنز ڈبلز مقابلوں میں حصہ لیں گی، جسے ٹینس حلقوں میں سال کے اہم ترین کھیلوں کے واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ 2022 کے یو ایس اوپن کے بعد سرینا ولیمز کا پہلا باقاعدہ مقابلہ ہوگا۔ وہ گراس کورٹ پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں کینیڈا کی نوجوان کھلاڑی وکٹوریہ بوکو کے ساتھ ڈبلز میں شریک ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 8 جون سے ہوگا۔
سرینا ولیمز نے سوشل میڈیا پر اپنی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے ٹینس کورٹ میں بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ان کا موبائل فون مسلسل نوٹیفکیشنز موصول ہونے کے باعث بج رہا تھا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا: ’لگتا ہے سب کو یہ خبر مل گئی ہے‘، جبکہ ایک اور پوسٹ میں کہا: ’اچھی خبریں تیزی سے پھیلتی ہیں۔‘
ٹورنامنٹ منتظمین نے سرینا کی واپسی کو رواں سال کے سب سے بڑے کھیلوں کے لمحات میں سے ایک قرار دیا ہے۔ کوئنز ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ کی ڈائریکٹر لورا لوبسن نے کہا کہ سرینا دنیا کی عظیم ترین ایتھلیٹس میں شمار ہوتی ہیں۔
سرینا ولیمز نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئنز کلب ان کے کیریئر کے نئے باب کا آغاز کرنے کے لیے بہترین مقام ہے۔ ان کے بقول گراس کورٹ نے انہیں اپنے کیریئر کے چند یادگار ترین لمحات دیے اور وہ کھیل کے اس تاریخی اسٹیج پر دوبارہ مقابلہ کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔
واپسی کی قیاس آرائیاں
سرینا ولیمز کی واپسی کے حوالے سے کئی ماہ سے چہ مگوئیاں جاری تھیں۔ گزشتہ دسمبر میں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ اینٹی ڈوپنگ پروگرام میں دوبارہ شامل ہو گئی ہیں، جو پیشہ ورانہ ٹینس میں واپسی کے لیے ضروری شرط سمجھی جاتی ہے۔
اگرچہ سرینا نے عوامی سطح پر واپسی کے منصوبوں کی تردید کی تھی، تاہم افواہیں ختم نہ ہو سکیں۔ مارچ میں نوواک جوکووک نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ سرینا دوبارہ ٹینس کھیلتی نظر آئیں گی۔
فرنچ اوپن کے دوران کئی موجودہ کھلاڑیوں نے بھی ان کی ممکنہ واپسی پر تبصرے کیے۔ کوکو گاف نے کہا کہ وہ پہلی بار سرینا کے خلاف کھیلنے کا موقع ملنے کا خیرمقدم کریں گی، جبکہ عالمی نمبر ایک آریانا سبالنکا نے اسے ٹینس کے لیے خوش آئند خبر قرار دیا۔
سابق عالمی نمبر ایک مارٹینا نوراتیلوا نے کہا کہ سرینا ولیمز نے خواتین ٹینس کو ایک نئی سطح تک پہنچایا اور ان کی واپسی کھیل کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔
شاندار کیریئر اور کورٹ سے دور زندگی
سرینا ولیمز نے اپنا آخری گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل 2017 کے آسٹریلین اوپن میں جیتا تھا۔ وہ مجموعی طور پر 319 ہفتے عالمی نمبر ایک رہیں اور ڈبلیو ٹی اے ٹور پر 73 سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کیے۔
انہوں نے اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کے ساتھ مل کر 14 گرینڈ سلیم ڈبلز ٹائٹلز بھی جیتے۔
2022 میں ٹینس سے دوری اختیار کرتے وقت سرینا نے اسے ریٹائرمنٹ قرار دینے کے بجائے اپنی زندگی کے نئے مرحلے میں ’ارتقا‘ کا نام دیا تھا۔
اس عرصے کے دوران انہوں نے اپنے وینچر کیپیٹل فنڈ سیرینا وینچرز کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھی، مختلف کھیلوں کی ٹیموں میں سرمایہ کاری کی اور 2023 میں وہ دوسری بیٹی کی ماں بنیں۔
کیا ومبلڈن بھی کھیلیں گی؟
سرینا ولیمز کی کوئنز کلب میں شرکت کے بعد اب سب کی نظریں ماہ جون کے آخر میں شروع ہونے والے ومبلڈن چیمپئین شپ پر مرکوز ہیں۔
3 مرتبہ ومبلڈن جیتنے والے سابق امریکی اسٹار جان میک اینروئے کا کہنا ہے کہ سرینا کے لیے منطقی اگلا قدم ومبلڈن کے سنگلز مقابلوں میں شرکت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سرینا محض لطف اندوز ہونے کے لیے واپس نہیں آ رہیں بلکہ ان کا مقصد ایک اور گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنا ہے۔
واضح رہے کہ 2022 کے یو ایس اوپن میں تیسرے راؤنڈ میں شکست کے بعد سرینا ولیمز گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز کے ہمہ وقت ریکارڈ سے صرف ایک کامیابی دور رہ گئی تھیں۔ 24 گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز کا یہ ریکارڈ مارگریٹ کورٹ اور نوواک جوکووچ کے پاس مشترکہ طور پر موجود ہے۔














