وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، پاک چین شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

بدھ 3 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، سی پیک کے دوسرے مرحلے، اقتصادی تعاون، سیکیورٹی، انسدادِ دہشتگردی اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے، سی پیک 2.0، کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے اس بات کی اہمیت بھی اجاگر کی کہ ان کے دورۂ چین کے موقع پر ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد از جلد حاصل کیے جا سکیں۔

وزیراعظم نے اپنے دورۂ چین کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ کی گرانقدر خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور حکام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں قیادتوں کے طے کردہ فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔

ملاقات کے دوران قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے پر پیشرفت کو تیز کرنے، سیکیورٹی، انسدادِ دہشتگردی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے علاوہ پاکستان کے لیے اقتصادی اور مالی معاونت سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم بین الاقوامی پیش رفت پر بھی گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان چین زرعی شراکت داری، کسانوں کو جدید اور سستی مشینری فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز

اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے وزیراعظم کو 23 تا 26 مئی 2026 کے کامیاب دورہ چین پر بھی مبارکباد دی اور اس یقین کا اظہار کیاکہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی فولادی اور لازوال برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp