انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور پاکستان و انڈونیشیا کے درمیان بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے تربیتی پروگراموں، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
انڈونیشین بحریہ کے سربراہ نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔
دورہ پاکستان کے دوران ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے کراچی میں پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز سے بھی ملاقات کی، جبکہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینیئرنگ ورکس کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات، پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) کا دورہ بھی کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق انڈونیشین بحریہ کے سربراہ کا دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی اور بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔














