آزاد کشمیر اسمبلی میں مہاجرین کی نمائندگی ایک تاریخی اور آئینی حقیقت ہے، آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری

بدھ 3 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں مہاجرین کی نمائندگی ایک تاریخی اور آئینی حقیقت ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں نے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ریاستی استحکام، جمہوری عمل اور آئینی بالادستی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مظفرآباد میں 6 گھنٹے تک جاری رہنے والی کانفرنس میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم اس کے نمائندے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

حق خودارادیت اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی

آل پارٹیز کانفرنس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور حریت قیادت کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔

قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی پالیسی کو بھی ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے خلاف ہیں۔

جمہوری تسلسل اور آئینی عمل ریاستی مضبوطی کی بنیاد قرار

اعلامیے میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری تسلسل اور آئینی عمل کا استحکام ریاستی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ کانفرنس نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

آل پارٹیز کانفرنس نے برداشت، مکالمے اور پرامن سیاسی جدوجہد کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے آزاد کشمیر کے استحکام کا ایک اہم ستون ہیں۔

سوشل میڈیا پروپیگنڈے پر تشویش

کانفرنس کی متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے ذریعے ریاستی اداروں اور جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کا مقابلہ قومی اتحاد اور جمہوری استحکام کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔

انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کے عزم کا اظہار

اعلامیے میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آئین اور قانون کے مطابق مقررہ وقت پر کرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس نے آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے یا انتخابات مؤخر کرنے کی کسی بھی کوشش کا قانون کے مطابق سدباب کیا جائے گا۔

مہاجرین جموں و کشمیر کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت

آل پارٹیز کانفرنس نے مہاجرین جموں و کشمیر کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور مہاجرین مقیم پاکستان کی نمائندگی کو ایک تاریخی اور آئینی حقیقت قرار دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مہاجرین مقیم پاکستان کی اسمبلی میں نمائندگی ایک تاریخی حقیقت ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

مہاجرین نشستوں اور آئینی اصلاحات پر مشاورت کی سفارش

کانفرنس کے شرکا نے مہاجرین نشستوں سے متعلق انتخابی پیچیدگیوں کے حل کے لیے آئینی اور قانونی اصلاحات کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ آئینی اصلاحات منتخب نمائندوں کا خصوصی اختیار ہیں، لہٰذا اس معاملے کا فیصلہ قانون ساز اسمبلی پر چھوڑا جانا چاہیے۔

اس کے ساتھ ساتھ سفارش کی گئی کہ کسی بھی آئینی اصلاحات سے قبل سیاسی جماعتوں، بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز، سول سوسائٹی اور آئینی ماہرین سے جامع مشاورت کی جائے تاکہ تمام متعلقہ طبقات کی رائے کو مدنظر رکھا جا سکے۔

قومی و ریاستی معاملات جمہوری اور آئینی طریقے سے حل کرنے پر زور

آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں ریاستی استحکام، جمہوری عمل اور آئینی بالادستی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام قومی اور ریاستی معاملات کو جمہوری، آئینی اور قانونی طریقہ کار کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔

شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی استحکام، جمہوری روایات اور آئینی اداروں کے احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’معرکہ حق‘ ٹی20 کرکٹ میچ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام الیون نے جیت لیا، سیلیبریٹیز الیون کو شکست

سونا امریکی بانڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا ریزرو اثاثہ بن گیا

پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب، ایک سال میں کتنے افراد بینکنگ نظام کا حصہ بنے، حیران کن اعدادوشمار

طالبان حکومت سے فرار ہونے والی افغان خواتین فٹبالرز کی بین الاقوامی میدانوں میں شاندار واپسی

کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ورلڈ کلچر فیسٹیول، 140 ممالک کے ایک ہزار فنکار شرکت کریں گے

ویڈیو

علیمہ خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بجٹ پیش کرنے سے کیوں روکا؟

ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے پر اتفاق کر لیا، مستقبل میں مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کا امکان ہے، صدر ٹرمپ کا دعویٰ

آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی مختلف تجاویز شامل کی جا رہی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

کالم / تجزیہ

کیا لاہور کو آؤٹ سائیڈرز نے تباہ کیا ہے؟

28 ویں ترمیم تو آنی ہی آنی ہے

جب یورپ کو پاکستان کی بات سمجھ آئی