مہاجرین نشستوں سے متعلق صدارتی ریفرنس: سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

ہفتہ 6 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے اسمبلی میں مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

عدالت نے تمام فریقین اور عدالتی معاونین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد صدر آزاد کشمیر کو اپنی آئینی رائے سے آگاہ کرنے کے لیے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 کارکن گرفتار، اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد،ترجمان پولیس آزاد کشمیر

چیف جسٹس راجا سعید اکرم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جبکہ جسٹس خالد یوسف چوہدری بھی بینچ کا حصہ تھے۔

جسٹس رضا علی خان ماضی میں اس معاملے سے متعلق مقدمات میں بطور وکیل پیش ہونے کے باعث سماعت میں شریک نہیں ہوئے۔

عدالت نے صدارتی ریفرنس میں اٹھائے گئے مختلف آئینی سوالات پر عدالتی معاونین اور فریقین کے تفصیلی دلائل سنے۔

سماعت کے دوران مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں کی آئینی حیثیت، ان کے مستقبل اور قانون ساز اسمبلی کے اختیارات سے متعلق مختلف قانونی نکات زیر بحث آئے۔

سینیئر قانون دان راجا سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ آرٹیکل 33 کے تحت قانون ساز اسمبلی کو مکمل قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ارکان اسمبلی پہلے ہی مہاجرین نشستوں کے معاملے پر اپنی رائے واضح کر چکے ہیں۔

معاونِ عدالت نے مؤقف اختیار کیا کہ مہاجرین نشستوں کا معاملہ ہائی پاور کمیٹی میں زیر غور لایا جانا چاہیے تھا۔ سماعت کے دوران وفاقی کمیٹی اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا حوالہ بھی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

بیرسٹر ہمایوں نواز، راجہ صداقت حسین اور سردار عبدالرازق نے بھی مختلف قانونی نکات پر اپنے دلائل عدالت کے سامنے رکھے۔

سماعت کے دوران سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر خان اور رکن اسمبلی عبدالماجد خان بھی عدالت میں موجود رہے۔

عدالت نے اس سوال کا تفصیلی جائزہ لیا کہ آیا مہاجرین کی 12 نشستیں آئینی ترمیم کے بغیر ختم یا تبدیل کی جا سکتی ہیں یا نہیں۔ اس کے علاوہ موجودہ قانون ساز اسمبلی کے آئینی ترمیم کے اختیار اور اس کی حدود پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔

عدالت نے انتخابات روکنے یا آئینی ترمیم کے لیے دباؤ ڈالنے کی قانونی حیثیت کے حوالے سے بھی مختلف فریقین سے رائے طلب کی۔

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجا آفتاب، صدر سنٹرل بار راجا ضیغم افتخار اور صدر ہائیکورٹ بار راجا جہانگیر اسلم بھی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ سابق ایڈیشنل سیکریٹری فرحت علی میر، خواجہ منظور قادر اور ایم تنویر چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی عدالت کے سامنے اپنے قانونی مؤقف پیش کیے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: ایکشن کمیٹی کی 9 جون کو احتجاج کی کال، الیکشن شیڈول بھی جاری، ریاست میں کیا ہونے جا رہا ہے؟

سماعت کے دوران مہاجرین مقیم آزاد کشمیر 1989 کے نمائندوں نے قانون ساز اسمبلی میں اپنی علیحدہ نشست مختص کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا۔

تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے ڈویژن بینچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے ہدایت جاری کی کہ صدر آزاد کشمیر کو اپنی آئینی رائے سے آگاہ کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا یو این سیکریٹری جنرل کی امیدوار سے رابطہ، یواین قراردادوں پر دیانتدارانہ عملدرآمد پر زور

اٹلی کی سپریم کورٹ نے پاکستانی نژاد لڑکی کے قتل کیس میں 5 رشتہ داروں کی سزائیں برقرار رکھ دیں

’صرف ڈگری نہیں، بچوں کی کردار سازی پر بھی توجہ دیں‘، عدنان صدیقی کا والدین کو نصیحت بھرا پیغام

2027 میں 9 نئے ایموجیز متعارف کرائے جائیں گے، اچار اور شہابِ ثاقب بھی شامل

حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نئے سفری قوانین نافذ کر دیے

ویڈیو

عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی لیاری آمد، فٹبال اور باکسنگ کے فروغ کے لیے اکیڈمی بنانے کا عندیہ

گورنر ہاؤس میں ’ارفع کریم اے آئی سمر کیمپ‘، جہاں بچے مستقبل کی ٹیکنالوجی سیکھ رہے ہیں

پاک فوج ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے، مولانا کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، پشاور کے شہری

کالم / تجزیہ

دھڑکتے دل کا فون

کپتانی کا خبط: سیاست سے کھیل تک

طوفانی بولنگ اور ماجد خان کی دلیری