کوئٹہ کے سول اسپتال کے سرجیکل وارڈ میں ایک خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں خاتون ڈاکٹر شدید زخمی ہو گئیں جبکہ حملے کی زد میں آ کر ایک اور شخص بھی زخمی ہوا۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم بعد ازاں پولیس نے دعویٰ کیا کہ حملے میں مبینہ طور پر ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
سرجیکل وارڈ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملہ
پولیس کے مطابق نامعلوم شخص نے سول اسپتال کے سرجیکل وارڈ میں خاتون ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
حملے کے نتیجے میں ڈاکٹر ماہ نور شدید زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی زد میں آ کر ایک اور شخص بھی زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خاتون ڈاکٹر 35 فیصد جھلس گئیں، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن
واقعے کے بعد صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آج ان کی خاتون ڈاکٹر کے چہرے اور جسم پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ابتدائی معلومات کے مطابق تیزاب پھینکنے والا شخص لفٹ آپریٹر اور نجی ملازم ہے۔ اب اسپتال کی چار دیواری کے اندر ڈاکٹرز خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سول اسپتال میں سیکیورٹی نام کی کوئی چیز موجود نہیں جبکہ تیزاب حملے کے نتیجے میں خاتون ڈاکٹر تقریباً 35 فیصد جھلس چکی ہیں۔
سول اسپتال میں علاج کی سہولیات پر سوالات
صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے بعد سول اسپتال میں زخمی ڈاکٹر کو علاج فراہم کیا جانا چاہیے تھا، تاہم انتظامات نہ ہونے کے باعث انہیں نجی اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
انہوں نے کہاکہ سیکریٹری صحت سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ اپنی نشست پر موجود نہیں تھے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایم ایس کے ذریعے کرپشن کا بازار گرم ہے اور محکمہ صحت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا نوٹس، رپورٹ طلب کرلی
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بہتر علاج معالجے کے لیے آریا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر کراچی منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس بھی تیار رکھی گئی ہے۔
مبینہ ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے مقدمے میں مطلوب مبینہ ملزم ہلاک ہو گیا ہے۔
ایس ایچ او سول لائنز جواد حیدر کے مطابق خاتون ڈاکٹر پر تیزاب حملے میں مبینہ طور پر ملوث ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مطلوب شخص فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہوا اور اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔














