بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی تینوں پاکستانی مسلح افواج کے سربرہان سے اہم ملاقاتیں، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

منگل 9 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے منگل کو پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں علاقائی سلامتی، سیکیورٹی چیلنجز اور دوطرفہ دفاعی روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

جی ایچ کیو آمد اور  فیلڈ مارشل سے ملاقات

بحرینی کمانڈر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کے سربراہ، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:لبنانی مسلح افواج کے سربراہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال

دونوں رہنماؤں نے پاک بحرین دیرینہ برادرانہ تعلقات پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی سطح پر اسٹرٹیجک روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ایڈمرل نوید اشرف

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف سے علیحدہ ملاقات کی۔

اس موقع پر دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی بحری سلامتی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں مشترکہ بحری سلامتی اور امن کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کلیدی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے اسے علاقائی استحکام کا اہم ضامن قرار دیا۔

ایئر ہیڈکوارٹرز میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر تبادلہ خیال

بعد ازاں معزز مہمان نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔ ایئر چیف نے بحرینی کمانڈر کو پاکستان فضائیہ کی جاری جدیدکاری مہم، آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مقامی سطح پر دفاعی پیداوار اور جدید تربیتی اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات میں فضائی دفاع کو درپیش جدید چیلنجز سمیت ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز، جیسا کہ بغیر پائلٹ کے اڑنے والے طیارے (ڈرونز)، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، خودکار دفاعی نظام، جدید حساس آلات اور ڈیجیٹل اختراعات پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بحرینی کمانڈر کا پاک افواج کی صلاحیتوں پر اعتراف

بحرینی کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور عالمی و علاقائی امن کے لیے ان کی لازوال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کی دفاعی جدیدکاری اور مقامی صلاحیتوں کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے تربیتی امور، نئی ٹیکنالوجیز اور استعدادِ کار بڑھانے کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:امریکا کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے حقیقی دوستی والے تعلقات ہیں، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ

عسکری حلقوں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط، تاریخی اور دیرینہ دفاعی شراکت داری کا عکاس ہے، جس سے آنے والے دنوں میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے عسکری تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سعودی عرب میں نایاب ریم غزال کی جنگلی ماحول میں افزائشِ نسل دوبارہ شروع

پاکستان کی کامیاب سفارتکاری دنیا بھر میں تسلیم، مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، رانا قاسم نون

معروف اداکارہ محض 35 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

پاکستان اور برطانیہ میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، اصلاحات اور علاقائی استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال

وزیرِ خزانہ اور برطانوی وزیر ہمیش فاکنر کے درمیان علاقائی صورتحال سمیت اقتصادی منظرنامے پر تبادلۂ خیال

ویڈیو

امریکا اور ایران کے درمیان معاملات طے، بلوچستان کے کاروبار پر اس کے کیا اثرات ہوں گے؟

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے بڑھتے اندرونی اختلافات سے پشاور کے عوام پریشان

ایران امریکا فریم ورک معاہدہ کیا ہے اور آئندہ ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں کیا طے ہو گا؟

کالم / تجزیہ

امن معاہدہ اور پاکستان

پنجاب کا حق، ایتھے رکھ

سرحدوں سے ماورا یاری: سید بابر علی اور ہرچرن سنگھ