صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حادثے کے نتیجے میں پاک فوج کے اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے سوگوار اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، تمام اہلکار شہید، تحقیقات کا حکم
شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’پوری قوم وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘
صدرِ پاکستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ پاک فوج کا ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہ گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 شہادتوں کی تصدیق
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ آج اس وقت پیش آیا جب آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران ٹیک آف کررہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث کنٹرول برقرار نہ رہ سکا اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، تاہم تمام اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی ہے۔














