بڑی آنت کے کینسر سے بچاؤ کے لیے نئی اسکریننگ گائیڈ لائنز، ماہرین کا بروقت تشخیص پر زور

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بڑی آنت اور مقعد کے کینسر (لوریکٹل کینسر) کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے نئی طبی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں، جس کے بعد ماہرین نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اسکریننگ ٹیسٹ کو ترجیح دیں تاکہ بیماری کو ابتدائی مرحلے میں پکڑا جا سکے اور جانیں بچائی جا سکیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کولوریکٹل کینسر الیانس نے امریکن کینسر سوسائٹی (اے سی ا یس) کی نئی سفارشات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید اسکریننگ طریقوں کی دستیابی کے باوجود لوگوں میں آگاہی اور ٹیسٹ کرانے کا رجحان بڑھانا ضروری ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو طبی سہولتوں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کینسر کے علاج میں اہم پیش رفت، نئی ادویات اور طریقۂ علاج نے امید جگا دی

ماہرین کے مطابق کولوریکٹل کینسر دنیا کے خطرناک ترین کینسرز میں شمار ہوتا ہے، تاہم اگر اسے ابتدائی مرحلے میں تشخیص کر لیا جائے تو علاج کے امکانات نمایاں طور پر بہتر ہو جاتے ہیں۔

نئی گائیڈ لائنز میں اسکریننگ کے مختلف طریقوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں گھر پر کیے جانے والے پاخانے کے نمونوں کے ٹیسٹ اور دیگر جدید طریقے شامل ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر ٹیسٹ کی مؤثریت یکساں نہیں ہوتی۔

طبی ماہرین کے مطابق کولونوسکوپی ایک اہم ٹیسٹ ہے جو نہ صرف کینسر کی نشاندہی کر سکتا ہے بلکہ کینسر سے پہلے بننے والی رسولیوں کو ہٹا کر بیماری کے خطرے کو بھی کم کر سکتا ہے۔

کولوریکٹل کینسر الیانس کے مطابق بعض جدید اسٹول بیسڈ ٹیسٹس گھر پر آسانی سے کیے جا سکتے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں تک ان کی رسائی ممکن ہے۔ تاہم مریضوں کو اپنی عمر، صحت کی صورتحال اور طبی تاریخ کے مطابق ڈاکٹر سے مشورہ کر کے مناسب طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:وٹامن بی ٹو کینسر کے خلیات کو زندہ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، نئی تحقیق

پرلمین اسکول آف میڈیسن کے ماہر رچرڈ وینڈر نے کہا کہ اسکریننگ کے شعبے میں مسلسل جدت ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ٹیسٹ کرا سکیں اور بیماری کی جلد تشخیص ممکن ہو۔

کولوریکٹل کینسر الیانس کے چیف ایگزیکٹو مائیکل ساپینزا نے کہا کہ نئی گائیڈ لائنز اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ آج ہمارے پاس ایسے ذرائع موجود ہیں جن سے اس خطرناک بیماری کو روکا بھی جا سکتا ہے اور بروقت پکڑ کر علاج بھی کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی اسکریننگ کے دستیاب آپشنز سے آگاہ ہوں، اپنے معالج سے مشاورت کریں اور کینسر سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp