روس کی بدنام زمانہ سوویت جیلوں اور گولاگ کیمپوں میں استعمال ہونے والی ایک خفیہ زبان، جسے ’فینیا‘ کہا جاتا ہے آج نہ صرف روسی معاشرے کا حصہ بن چکی ہے بلکہ سائبر جرائم کی دنیا میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاکھوں سال پرانا وہیل مچھلیوں کا وسیع و عریض قبرستان دریافت، سائنسدان حیران
ماہرین کے مطابق فینیا دراصل مجرموں کی ایک خفیہ بولی تھی جس کا مقصد پولیس، جیل حکام اور عام لوگوں کو الجھن میں ڈالنا تھا۔ اس زبان میں ایسے الفاظ استعمال کیے جاتے تھے جن کے ظاہری اور حقیقی معنی بالکل مختلف ہوتے تھے۔
مثال کے طور پر روسی زبان میں ’بابکی‘ کا مطلب دادی یا نانی ہوتا ہے لیکن فینیا میں یہی لفظ ’پیسے‘ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ ’واریژکا‘ عام طور پر دستانے کو کہا جاتا ہے مگر فینیا میں اس کا مطلب ’’منہ‘ بھی ہو سکتا ہے۔
تاریخی ریکارڈ کے مطابق فینیا کی جڑیں صدیوں پرانی ہیں، تاہم 19ویں صدی میں اس کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا جب جرائم پیشہ گروہوں اور جیب تراشوں نے اسے اپنی شناخت اور خفیہ رابطوں کے لیے اپنانا شروع کیا۔ اس زبان کے الفاظ اور محاورے بعد ازاں روسی لغات میں بھی درج کیے گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فینیا کی حقیقی مقبولیت سوویت دور میں سامنے آئی۔ سنہ 1922 میں سوویت یونین کے قیام کے بعد جیلوں اور قیدی کیمپوں کا دائرہ وسیع ہوا جہاں عام شہری، کسان، دانشور اور جرائم پیشہ افراد ایک ساتھ قید کیے جاتے تھے۔ اسی میل جول نے فینیا کو وسیع پیمانے پر پھیلنے کا موقع فراہم کیا۔
بعد ازاں جوزف اسٹالن کے دور میں لاکھوں افراد کو گولاگ کیمپوں میں بھیجا گیا جس کے نتیجے میں فینیا مزید منظم اور مقبول ہوتی گئی۔ جیلوں میں یہ زبان محض رابطے کا ذریعہ نہیں رہی بلکہ ایک پوری مجرمانہ ثقافت اور شناخت کا حصہ بن گئی۔
مزید پڑھیے: موت کا کنواں: ایک صدی پرانا خطرناک تماشا جو آج بھی دلوں کی دھڑکن تیز کر دیتا ہے
اسی دور میں ’وور و زاکونے‘ یعنی ’قانونی چور‘ کہلانے والے جرائم پیشہ گروہوں کا اثر بھی بڑھا۔ ان گروہوں کا اپنا ضابطۂ اخلاق، روایات اور درجہ بندی کا نظام تھا، جبکہ فینیا ان کی شناخت اور باہمی رابطے کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ فینیا کو صرف ایک زبان نہیں بلکہ جرائم پیشہ دنیا کے ثقافتی ورثے کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔
اسٹالن حکومت نے فینیا اور مجرمانہ ثقافت کو دبانے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود یہ زبان ختم نہ ہو سکی۔ سنہ 1953 میں اسٹالن کی وفات کے بعد جب بڑی تعداد میں قیدی رہا ہوئے تو وہ فینیا کو اپنے ساتھ روسی معاشرے میں لے آئے۔ یوں یہ خفیہ بولی جیلوں کی دیواروں سے نکل کر عام گفتگو کا حصہ بنتی چلی گئی۔
سوویت یونین کے خاتمے کے بعد فینیا نے ایک نیا رخ اختیار کیا۔ وقت کے ساتھ روسی سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں میں بھی اس زبان کے متعدد الفاظ استعمال ہونے لگے جس سے یہ مزید عام ہوتی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فینیا کے درجنوں الفاظ آج عام روسی بول چال کا حصہ بن چکے ہیں اور بہت سے لوگ روزمرہ گفتگو میں انہیں استعمال کرتے ہیں حالانکہ انہیں یہ معلوم بھی نہیں ہوتا کہ ان الفاظ کی اصل سوویت جیلوں اور جرائم پیشہ دنیا سے جڑی ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل دور میں فینیا نے سائبر جرائم کی دنیا میں بھی جگہ بنا لی ہے۔ روسی ہیکرز اور آن لائن جرائم پیشہ عناصر فینیا کے الفاظ اور اصطلاحات استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنے پیغامات، مالی لین دین اور منصوبوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نگرانی کے نظام سے چھپا سکیں۔
مزید پڑھیں: ’کوئی پڑھے نہ پڑھے اے آئی تو پڑھے گی‘: قدیم زمانوں کے محبت نامے، خفیہ تحریریں آشکار
تحقیق کے مطابق مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے باوجود فینیا کی مسلسل بدلتی ہوئی اصطلاحات کو سمجھنا آسان نہیں جس کے باعث سائبر جرائم کی تحقیقات کرنے والے اداروں کو اس خفیہ زبان سے واقفیت حاصل کرنا پڑ رہی ہے۔
آج فینیا صرف ایک مجرمانہ بولی نہیں رہی بلکہ روسی تاریخ، ثقافت اور ڈیجیٹل دنیا کے ایک منفرد پہلو کے طور پر دیکھی جاتی ہے، جس کی جڑیں سوویت جیلوں میں ہیں لیکن اثرات جدید انٹرنیٹ تک پھیل چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اے آئی نے کتابوں کو پیچھے چھوڑ دیا؟ طلبہ کے رجحانات پر نئی رپورٹ
سوویت دور کی جیلوں میں جنم لینے والی یہ خفیہ زبان اس بات کی ایک منفرد مثال ہے کہ کس طرح مخصوص حالات میں پیدا ہونے والی ثقافتی روایات وقت کے ساتھ قومی زبان، عوامی ثقافت اور حتیٰ کہ جدید ٹیکنالوجی کی دنیا کا حصہ بن سکتی ہیں۔














