پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنی آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 مہم کا آغاز کل، 14 جون کو، اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سنسنی خیز مقابلہ برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام 12 جون سے 5 جولائی تک منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ ٹورنامنٹ میں پہلی بار 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سہ فریقی سیریز: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئرلینڈ روانہ ہوگئی
ایونٹ کے دوران 7 مختلف میدانوں پر مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 5 جولائی کو لندن کے تاریخی ’لارڈز‘ کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔
گروپس کی تفصیلات
پاکستانی ٹیم کو ’گروپ ون‘ میں رکھا گیا ہے، جہاں اسے 6 مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کا چیلنج درپیش ہوگا۔

دوسری جانب ’گروپ ٹو‘ میں دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ، میزبان انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ دونوں گروپس کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 30 جون اور 2 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
کپتان فاطمہ ثنا کا عالمی ریکارڈ اور قیادت
قومی ٹیم کی قیادت نوجوان آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کر رہی ہیں، جو مسلسل دوسرے ٹی20 ورلڈ کپ میں کپتانی کے فرائض انجام دیں گی۔ 24 سالہ فاطمہ ثنا حالیہ عرصے میں شاندار فارم میں ہیں۔
انہوں نے گزشتہ ماہ کراچی میں زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوران صرف 15 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کی ’تیز ترین ففٹی‘ کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
تجربے اور نوجوان صلاحیتوں کا امتزاج
قومی اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین توازن موجود ہے۔ ایمن فاطمہ، رامین شمیم اور سائرہ جبیّن پہلی مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ کا حصہ بن رہی ہیں، جبکہ منیبہ علی صدیقی، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن جیسے تجربہ کار کھلاڑی ٹیم کے لیے اہم ستون ثابت ہوں گے۔
ریکارڈ ہولڈرز پر نظریں
موجودہ اسکواڈ میں اوپنر منیبہ علی صدیقی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی سب سے کامیاب بیٹر ہیں، جنہوں نے اب تک 247 رنز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے 2023ء میں آئرلینڈ کے خلاف سنچری بنائی تھی، جو پاکستان ویمنز ٹیم کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کی ’پہلی سنچری‘ تھی۔ دوسری جانب، بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ سندھو ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 16 وکٹیں لینے والی بولر ہیں۔
بھرپور تیاریاں اور مینٹور کا اعتماد
گرین شرٹس نے میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لیے جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلیں، آئرلینڈ میں ویمنز ٹی20 سہ فریقی سیریز میں شرکت کی اور حال ہی میں سری لنکا و اسکاٹ لینڈ کے خلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے۔
مزید پڑھیں:زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان، 29 اپریل کو کراچی پہنچے گی
پاکستان ویمنز ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے ٹیم کی صلاحیتوں پر پختہ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کھلاڑیوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران سخت محنت کی ہے اور یہ نوجوان و پُرجوش ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ہماری توجہ ’بے خوف‘ اور مثبت کرکٹ کھیلنے پر ہے۔ اگر کھلاڑی اپنی اصل صلاحیتوں کے مطابق کھیلے، تو ٹیم سیمی فائنل تک لازمی رسائی حاصل کر سکتی ہے۔”
پاکستان کا شیڈول
بھارت کے خلاف افتتاحی میچ کے بعد پاکستان کا اگلا شیڈول درج ذیل ہے
17 جون: بمقابلہ جنوبی افریقہ
20 جون: بمقابلہ بنگلہ دیش
23 جون: بمقابلہ آسٹریلیا
27 جون: بمقابلہ نیدرلینڈز














