بھارت میں NEET-UG 2026 کے ری-ایگزام سے قبل دھوکہ دہی کے نیٹ ورک کو روکنے کے لیے بھارتی حکومت نے ٹیلی گرام پلیٹ فارم تک عارضی رسائی محدود کر دی ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے کہا کہ یہ فیصلہ طلبہ کو جعلی معلومات اور فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے ناگزیر تھا۔
این ٹی اے کے مطابق وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (MeitY) نے ہدایت جاری کی ہے کہ ٹیلی گرام کی رسائی بھارت میں 22 جون تک محدود رہے گی، تاکہ امتحانی عمل کے دوران اور اس کے بعد کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی، افواہوں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ NEET-UG ری-ایگزام 21 جون کو منعقد ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: محبت کے جھانسے میں کروڑوں کا دھوکا، سافٹ ویئر انجینیئر کو لڑکے نے کیسے لوٹا؟ چونکا دینے والے انکشافات
مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ٹیلی گرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 جون تک بھارت میں میسج ایڈیٹنگ فیچر بھی معطل رکھے تاکہ پرانے پیغامات میں تبدیلی کر کے جعلی ’پیپر لیک‘ کے شواہد بنانے کی کوششوں کو روکا جا سکے۔
این ٹی اے کا کہنا ہے کہ بعض منظم گروہ ٹیلی گرام کے ذریعے امیدواروں اور ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنا رہے تھے اور امتحانی پرچے تک رسائی کے جھوٹے دعوؤں کے بدلے رقوم طلب کر رہے تھے۔ ادارے نے ان سرگرمیوں کو مکمل طور پر فراڈ قرار دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ اس فیصلے سے عام صارفین کو عارضی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے تاہم یہ اقدامات امتحانی شفافیت اور نظام کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہیں۔














