انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے، جبکہ تمام انتظامات کی نگرانی خود آئی جی اسلام آباد کریں گے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سیف سٹی اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں سے جدید کیمروں کے ذریعے تمام جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں کے باہر چیکنگ، پارکنگ اور لائٹنگ کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ملحقہ علاقوں میں گشت کا نظام بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جائے گا جبکہ حساس مقامات پر نگرانی مزید مؤثر اور سکیورٹی اقدامات سخت کیے جائیں گے۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی سکیورٹی اور ٹریفک پلان بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی بروقت کارروائی، اغوا شدہ کمسن بچی ایبٹ آباد سے بحفاظت بازیاب
اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھی جائے گی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔














