ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف گروپ اے کے میچ کے دوران مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر پاکستان ویمنز ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کی بیٹنگ لائن فیل، بھارت نے 64 رنز سے شکست دیدی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان ٹیم کو سست اوور ریٹ برقرار رکھنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔
ایمریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کی رکن ٹروڈی اینڈرسن نے یہ سزا اس وقت سنائی جب پاکستان ٹیم وقت کی رعایتوں کو مدنظر رکھنے کے بعد مقررہ ہدف سے ایک اوور کم پائی گئی۔
مزید پڑھیے: کھیل میں بھی سیاست، ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.22 کے مطابق کم از کم اوور ریٹ سے متعلق خلاف ورزی کی صورت میں ٹیم کے کھلاڑیوں پر کم رہ جانے والے ہر اوور کے بدلے میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزا قبول کر لی جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
میچ آفیشلز کلیئر پولوساک اور جیکولین ولیمز نے آن فیلڈ امپائرز کے طور پر جبکہ ایلوس شیرڈن نے تھرڈ امپائر اور سو ریڈفرن نے فورتھ امپائر کے طور پر یہ چارج عائد کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو اکتوبر 2026 میں 2 بڑے بین الاقوامی ویمنز ٹورنامنٹس کی میزبانی مل گئی
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ اتوار کو برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا۔














