آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی نثاراں عباسی کی جانب سے پیش کی گئی ایک اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، جس میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا، عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس گزشتہ دنوں مظفرآباد میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: فیکٹ چیک: سی ایم ایچ راولاکوٹ پر دھاوے کی دونوں ویڈیوز کی تصدیق
ایوان شہدا کے ورثا سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثے کو ایک عظیم سانحہ قرار دیتا ہے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔
قرارداد میں جموں و کشمیر کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران راولاکوٹ میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہونے والے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار کی شہادت پر بھی رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دیگر 3 جوانوں کی شہادت پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
قرارداد میں خصوصی طور پر شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹر عنایت، ساکنہ ہجیرہ کا ذکر کیا گیا جو سی ایم ایچ راولاکوٹ میں زیر علاج تھے۔
قرارداد کے متن کے مطابق انہیں اسپتال کے بستر سے اٹھا کر چھریوں کے وار کر کے شہید کیا گیا اور بعد ازاں ان کی لاش کو زمین پر گھسیٹا گیا۔
🚨 کالعدم ایکشن کمیٹی کے بلوائیوں کی جانب سے سی ایم ایچ راولاکوٹ میں مریضوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئئ۔
CCTV 2 pic.twitter.com/lx95ZbTzmr
— Salman Hasan (@salmanhasan136) June 11, 2026
ایوان نے اس بہیمانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اے ایس آئی عنایت کو قومی سطح پر میڈل دیے جانے کی سفارش کی۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔
قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور تاریخ میں ان کی قربانیوں کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
ایوان نے کہاکہ وطن، امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ شہدا پوری قوم کا فخر ہیں اور آنے والی نسلیں ان کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھیں گی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ احتجاج کے دوران اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے ورثا کی بھرپور مالی معاونت کی جائے تاکہ شہدا کے خاندانوں کی مناسب داد رسی ممکن بنائی جا سکے اور انہیں درپیش مشکلات میں ریاست ان کے ساتھ کھڑی نظر آئے۔
قرارداد متفقہ طور پر منظور کیے جانے کے بعد ایوان میں شہدا کے درجات کی بلندی، ورثا کے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔













