واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئی اور دلچسپ سہولت پر کام کر رہا ہے جس کے تحت صارفین ممکنہ طور پر ایپ کھولے بغیر ہی وائس نوٹس ریکارڈ کر کے بھیج سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: میٹا نے انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک کے نئے فیچرز متعارف کرا دیے
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.24.2 میں دریافت ہوا ہے اور فی الحال یہ ابتدائی ڈویلپمنٹ کے مرحلے میں ہے اس لیے ابھی ٹیسٹنگ کے لیے دستیاب نہیں۔
نیا ویجیٹ کیسے کام کرے گا؟
رپورٹس کے مطابق یہ ویجیٹ اینڈرائیڈ ہوم اسکرین پر 3×1 سائز میں موجود ہوگا جسے صارف اپنی مرضی سے ریسائز بھی کر سکیں گے۔ اس کا انٹرفیس نہایت سادہ ہوگا جس میں صرف مائیکروفون کا آئیکن ہوگا اور ’ٹیپ ٹو ریکارڈ‘ کی ہدایت دی گئی ہوگی۔
مزید پڑھیے: اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ پر آئی فون جیسا نیا میسج مینیو متعارف کرانے کی تیاری
صارف جیسے ہی اس پر ٹیپ کرے گا وائس میسج ریکارڈ ہونا شروع ہو جائے گا اور بعد میں واٹس ایپ کے ذریعے اس میسج کو بھیجنے کے لیے کانٹیکٹ منتخب کرنے کا آپشن دیا جائے گا۔
ملٹی سینڈ فیچر بھی متوقع
ملٹی سینڈ فیچر کی ایک اہم بات یہ ہے کہ اس میں ایک ہی وائس میسج کو متعدد کانٹیکٹس کو ایک ساتھ بھیجنے کی سہولت بھی شامل ہو سکتی ہے۔ اس وقت صارفین کو ایک ہی وائس میسج مختلف افراد کو الگ الگ فارورڈ کرنا پڑتا ہے۔
نئے ویجیٹ کے ذریعے یہ پورا عمل صرف ایک اسکرین ایکشن تک محدود ہو سکتا ہے جس سے وقت کی بچت اور آسانی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: یورپی یونین کا میٹا کو حریف اے آئی چیٹ بوٹس کے لیے واٹس ایپ کھولنے کا حکم
یہ فیچر خاص طور پر ان خطوں میں زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے جہاں وائس میسجز کا استعمال بہت عام ہے۔ ان ممالک میں خصوصاً جنوبی ایشیا، لاطینی امریکا اور مشرق وسطیٰ شامل ہیں۔














