سوئٹزر لینڈ: پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکا ایران مذاکرات کا پہلا دور مکمل

اتوار 21 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے۔

سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں امریکا کی طرف سے نائب صدر جے ڈی وینس، ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے شرکت کی، جبکہ ایرانی وفد میں اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل تھے۔

مزید پڑھیں: آبنائے ہرمز بند کرنے کی صورت میں ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا، صدر ٹرمپ کی وارننگ

مذاکراتی عمل میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور قطر کے وزیراعظم بھی شریک تھے۔

قبل ازیں قطر کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کا دور سوئٹزر لینڈ میں شروع ہوگیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ نے کہاکہ ملاقاتیں مفاہمتی یادداشت میں شامل تمام نکات پر جامع اور مستقل معاہدے کی راہ ہموار کریں گی۔

صدر ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت کے باعث مذاکرات ممکن ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف

مذاکرات سے قبل سوئٹزر لینڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ممکن ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی امن کے لیے یہ اہم موقع ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معاہدے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم مل کر دنیا میں اتحاد قائم کر سکتے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شروع دن سے ہمارے ساتھ، پاکستان کا مثبت کردار دنیا بھر میں سراہا گیا، جے ڈی وینس

اس موقع پر امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک ‘بہترین سپہ سالار’ قرار دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شروع دن سے ہمارے ساتھ ہیں اور پاکستان کا مثبت کردار دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکا ایران امن مذاکرات کے سیشن کے بعد پاکستانی وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر میرے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتہائی قریبی دوست ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

عالمی حالات بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ‘مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن ہماری اولین ترجیح ہے’ اور اس مقصد کے لیے ‘ہم لبنان میں سیز فائر کو ہر صورت یقینی بنائیں گے’۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ‘صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیں خطے میں جاری اس مسئلے کا مستقل سفارتی حل تلاش کرنے کا مکمل اختیار دیا ہے’۔

امریکی نائب صدر نے خطے کے دیگر ممالک کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ‘ہم امن کی کوششوں کے لیے ایران کے مثبت کردار کے بھی خواہاں ہیں’۔

میڈیا سے گفتگو کے اختتام پر انہوں نے پاک امریکا تعلقات اور عالمی امن کے مستقبل پر روشنی ڈالتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ‘ہم مستقبل کے لیے مزید بہتر کام کرنا چاہتے ہیں’ تاکہ خطے سمیت دنیا بھر میں پائیدار امن و استحکام کو ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

ہم اپنے خطے کے بہتر مستقبل کے لیے کام کررہے ہیں، قطری وزیراعظم

اس موقع پر قطر کے وزیراعظم نے کہاکہ یہ صرف شروعات ہے، ہم اپنے خطے کے بہتر مستقبل کے لیے کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ ہو رہاہے وہ خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے اہم ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی اور ایرانی وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران لبنان میں اپنی پراکسیز کو فوری روکے ورنہ سخت جواب دیں گے، صدر ٹرمپ کی وارننگ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران لبنان میں اپنی پراکسیز کو فوری طور پر مشکلات پیدا کرنے سے روکے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ اگر ایران نے ایسا نہ کیا تو امریکا ایک بار پھر ایران کو سخت جواب دے گا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ ہفتے کی طرح ایران کو دوبارہ نشانہ بنایا جائے گا، لیکن اس بار کارروائی پہلے سے زیادہ سخت ہوگی۔

یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کے بعد بھی خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ سفارتی کوششوں کا مقصد فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور امن عمل کو مزید آگے بڑھانا ہے۔آبنائے ہرمز کی بندش کے اعلان نے مذاکراتی عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیا تھا، تاہم سفارتی کوششیں جاری ہیں تاکہ امن عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: ایران امریکا مذاکرات: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی اور ایرانی وفود سے ملاقاتیں

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس امریکا ایران مذاکرات میں پاکستانی کردار کے معترف

سوال کے جواب میں جے ڈی وینس نے کہا کہ پاکستان کے کردار کو خاص طور پر سراہا جاتا ہے، اور انہوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ’ہم پاکستان کے مشکور ہیں، شکریہ‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پیراماؤنٹ اور وارنر برادرز ڈسکوری کے اربوں ڈالر کے انضمام کو عدالتی حکم سے روک دیا گیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر اسپین پر ڈالروں کی بارش، کتنا انعام ملا؟

کینیڈا میں جنگلاتی آگ بے قابو، دھوئیں نے امریکا کے کئی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا

سی پی ایل 2026، صائم ایوب جمیکا کنگز مین اسکواڈ کا حصہ بن گئے

پاکستان اور کینیڈا کا دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

ویڈیو

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں متوقع

کراچی سو رہا تھا، مگر ’منی برازیل‘ جاگ رہا تھا، لیاری میں فٹبال فائنل کی رات کیسی گزری؟

نورین نیازی کے بیان پر عوام کا شدید غصہ، مولانا فضل الرحمان معافی نہ مانگنے پر بضد، کالعدم ایکشن کمیٹی کی بڑی سازش

کالم / تجزیہ

ورلڈ کپ ختم ہوا، کہانی نہیں

کیا واقعی کچھ ہونے والا ہے؟

ایک اور وکلا تحریک: ہماری توبہ، ہمیں معاف رکھیں