وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو ممکنہ تیسری عالمی جنگ کی تباہی سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ ثالثی کے کردار کے بعد کیا نوبیل پیس پرائز پاکستان کو ملنا چاہیے؟
اس پر رانا ثنااللّٰہ نے جواب دیا کہ نوبیل پیس پرائز کس کو ملنا چاہیے، اس کا فیصلہ نوبیل کمیٹی ہی کرے گی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو کام کیا ہے، وہ نوبیل پیس پرائز سے بھی بڑی بات ہے۔
ایران امریکا معاہدے سے خطے میں امن کی امید
رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران امریکا معاہدے سے خطے میں امن کے قیام کی امید پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ممکنہ عالمی جنگ کی تباہی سے دنیا کو بچانے کے لیے امن کی کوششیں انتہائی اہم تھیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں سے امن کی راہ ہموار ہوئی۔
خطے میں استحکام اور عالمی معیشت کو فائدہ
وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ جنگی صورتحال کے خاتمے سے خطے میں استحکام آئے گا اور عالمی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
ان کے مطابق ایران پر پابندیاں ختم ہونے کی صورت میں خطے میں توانائی کے منصوبے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
رانا ثنااللّٰہ نے کہاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بحال ہونے سے توانائی بحران میں کمی کی امید ہے، جبکہ توانائی کی فراہمی بہتر ہونے سے گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات پر وفاقی حکومت کا مؤقف
رانا ثنااللّٰہ نے کہاکہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر انتخابات کے لیے بھرپور معاونت کرے گی اور وہاں آزادانہ و شفاف انتخابات ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے مسائل منتخب قیادت ہی حل کرے گی، جبکہ الیکشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد آزاد کشمیر کی منتخب قیادت جو فیصلہ کرے گی، پاکستان اس کے ساتھ چلے گا۔
مسائل کا حل مذاکرات میں ہے
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہاکہ جو بھی مسائل ہوں، ان کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب سیاستدان مذاکرات کی میز پر بیٹھتے ہیں تو بڑے سے بڑے مسائل کا حل نکل آتا ہے۔
رانا ثنااللّٰہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چوتھی مرتبہ براہ راست اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن سے ان کی گزشتہ روز بات ہوئی ہے اور اپوزیشن نے اس معاملے پر مثبت جواب دینے کا کہا ہے۔
وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کی خبروں کی تردید
وفاقی کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق سوال پر رانا ثنااللّٰہ نے کہاکہ اس حوالے سے باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کابینہ میں تبدیلی، اضافہ یا کمی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ کابینہ میں تبدیلی وزیراعظم کا اختیار ہے، وہ جب چاہیں تبدیلی کر سکتے ہیں۔














