ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں پیشرفت کی خبروں کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا۔
کاروبار کے ابتدائی اوقات میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 11 بج کر 45 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 556.38 پوائنٹس یعنی 0.31 فیصد اضافے کے ساتھ 179,479.13 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاروں کا اعتماد اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کا باعث، کیا معیشت مستحکم ہورہی ہے؟
مارکیٹ میں خریداری کا رجحان آٹوموبائل، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکنگ، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنری سیکٹرز میں نمایاں رہا۔
ڈی جی خان سیمنٹ، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک، نیشنل بینک، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز اور حب پاور کمپنی جیسے انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
Market is up at midday 🚀
⏳ KSE 100 is positive by +589.97 points (+0.33%) at midday trading. Index is at 179,512.73 and volume so far is 109.81 million shares (12:00 PM) pic.twitter.com/2peAFcMV0C— Investify Pakistan (@investifypk) June 22, 2026
دوسری جانب سوئٹزرلینڈ میں امریکا اور ایران کے اعلیٰ سطحی حکام کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اختتام پذیر ہوگیا۔
ثالثی کرنے والے ممالک قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے 60 دن کے اندر ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا ایران امن معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر، عالمی معیشت کے لیے مثبت پیشرفت ہے، وزیر خزانہ
اعلامیے کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات پورا ہفتہ سوئٹزرلینڈ کے بُرگن اسٹاک ریزورٹ میں جاری رہیں گے۔
مذاکرات کے آغاز سے قبل ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش کے اعلان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے دوبارہ شروع کرنے کی دھمکیوں کے باعث صورتحال کشیدہ ہو گئی تھی، تاہم تازہ پیش رفت نے سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی پیدا کی ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی۔ مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی کشیدگی میں کمی اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرمایہ کار دوست اقدامات کے اعلان نے مارکیٹ کے اعتماد کو مضبوط کیا، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔
ہفتہ وار بنیادوں پر کے ایس ای-100 انڈیکس 6,522.84 پوائنٹس یا 3.8 فیصد اضافے کے ساتھ 178,922.75 پوائنٹس پر بند ہوا، جبکہ اس سے ایک ہفتہ قبل انڈیکس 172,399.91 پوائنٹس پر تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں تیزی، آئی ٹی برآمدات اور انٹرنیٹ رسائی میں نمایاں اضافہ
عالمی سطح پر بھی ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاعات نے سرمایہ کاروں کے خدشات کم کر دیے اور خطے کی بیشتر مارکیٹیں تیزی کے ساتھ بند ہوئیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت ابتدائی اضافے کے بعد 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 80.17 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل 1.2 فیصد اضافے کے ساتھ 77.52 ڈالر فی بیرل پر برقرار رہا۔














