اسلام آباد، پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے، ریکٹر اسکیل پر شدت 5.4 ریکارڈ

پیر 22 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پیر کی سہ پہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلہ 22 جون 2026 کو سہ پہر 3 بج کر 22 منٹ (پاکستانی وقت) پر ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 جبکہ اس کی گہرائی 215 کلو میٹر تھی۔

مزید پڑھیں:فلپائن میں 7.8 شدت کا زلزلہ، عمارتیں منہدم، ایشیا بھر میں سونامی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا، جس کے نقاط شمالی عرض البلد 36.44 ڈگری اور مشرقی طول البلد 70.70 ڈگری ریکارڈ کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور اسلام آباد میں محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے زلزلے کے بعد الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

مزید پڑھیں: تاجکستان کے سرحدی علاقے میں زلزلہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی جھٹکے

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے کہا ہے کہ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔

متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری افواہوں سے گریز اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp