نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے ملاقات کی ہے، جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد، علاقائی امن و استحکام اور پاکستان چین تعاون سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اعلیٰ سطحی مذاکرات سے آگاہ کیا
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد سے متعلق ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی پیشرفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 received today the Ambassador of China to Pakistan Jiang Zaidong.
DPM/FM shared the developments related to the High-Level Talks on the implementation of the Islamabad Memorandum of Understanding… pic.twitter.com/g0BYPnS6HX
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) June 22, 2026
انہوں نے اپنے حالیہ دورہ قاہرہ کا بھی ذکر کیا، جہاں انہوں نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ آر-4 علاقائی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کے فروغ اور پرامن حل کی مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔
پاکستان کی امن کوششوں میں چین کے کردار کو سراہا گیا
اسحاق ڈار نے پاکستان کی امن کوششوں میں چین کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے امن عمل میں چین کی اہم خدمات، بالخصوص صدر شی جن پنگ کی 4 نکاتی تجویز اور چین پاکستان پانچ نکاتی اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔
چین کا پاکستان کے کردار پر اعتماد کا اظہار
چین کے سفیر نے خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کے کامیاب کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی تعریف کی اور خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق
ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل مسلسل سفارتی روابط، مکالمے اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور اسی راستے کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے چین کے ساتھ مسلسل مشاورت اور قریبی رابطہ برقرار رکھے گا، جبکہ پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے لیے بھی مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔














