آزاد کشمیر میں انتخابی میدان سج گیا، کن حلقوں میں سخت مقابلے متوقع ہیں؟

جمعہ 26 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو ہونے جا رہے ہیں، جس کے لیے میدان سج گیا ہے اور سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا ایوان 53 ارکان پر مشتمل ہے۔ 45 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہوتے ہیں، جن میں آزاد کشمیر کے 33 حلقے اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایکشن کمیٹی کی تحریک کا عوامی حقوق سے تعلق نہیں رہا، آزاد کشمیر میں انتخابات بروقت ہونے چاہییں، سینیئر صحافی راجا کفیل احمد

اس کے علاوہ خواتین کی 5 مخصوص نشستیں، ایک علما و مشائخ، ایک ٹیکنو کریٹ اور ایک نشست اوورسیز کے لیے مختص ہے۔

عام انتخابات 2026 میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلے کی فضا ہے، اور مسلم لیگ ن کی پوزیشن مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی آزاد کشمیر کے عام انتخابات پر گہری نظر ہے اور وہ انتخابی مہم میں آزاد کشمیر کے دوروں کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔

ریاست میں کسی بھی سیاسی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے 27 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

کس حلقے میں کون مدمقابل، تگڑے مقابلے کہاں متوقع ہیں؟

2021 کے الیکشن میں ایل اے ایک ڈڈیال میرپور سے چوہدری اظہر صادق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 14 ہزار 233 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری مسعود خالد 7609 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار چوہدری افسر شاہد نے 4158 ووٹ حاصل کیے اور وہ تیسرے نمبر پر رہے۔

گزشتہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے اظہر صادق اب مسلم لیگ ن کا ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں، ن لیگ نے اب تک اس حلقے سے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔

اگر مسلم لیگ ن نے اظہر صادق کو ٹکٹ دیا تو چوہدری مسعود خالد آزاد امیدوار یا کسی اور پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں جس کے باعث یہاں صورت حال دلچسپ ہو جائےگی۔

ایل اے 2 چک سواری میرپور میں سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے فرزند چوہدری قاسم مجید کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر عظیم بخش چوہدری سے ہوگا۔

سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے فرزند چوہدری قاسم مجید 2021 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر 10 ہزار 377 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

ایل اے 3 میرپور سٹی کا حلقہ ہمیشہ سے نہایت اہمیت کا حامل رہا ہے، یہاں سے 2021 کے الیکشن میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 18 ہزار 703 ووٹ لے کر میدان مارا، جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری محمد سعید 15 ہزار 556 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس بار یہاں سے بیرسٹر سلطان محمود (مرحوم) کے فرزند چوہدری یاسر سلطان (پی پی پی) کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری سعید سے ہوگا اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ چوہدری سعید نے 2016 کے انتخابات میں اس وقت کے صدر پی ٹی آئی بیرسٹر سلطان کو شکست دی تھی۔

ایل اے 4 میرپور کھڑی شریف میں چوہدری رخسار مسلم لیگ ن کے مضبوط امیدوار ہیں، جن کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری ارشد سے ہوگا۔

چوہدری محمد ارشد 2021 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 22 ہزار 768 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری رخسار نے 20 ہزار 984 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔

بھمبر کے حلقہ ایک ایل اے 5 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر کرنل (ر) وقار نور مضبوط امیدوار ہیں، جن کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری پرویز اشرف یا ان کے فرزند حسن اشرف سے ہوگا۔

ایل اے 5 ضلع بھمبر میں حلقہ ایک سے 2021 کا الیکشن مسلم لیگ ن کے امیدوار کرنل (ر) وقار احمد نور نے جیتا جنہوں نے 21 ہزار 799 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری پرویز اشرف 15 ہزار 583 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع بھمبر کے حلقہ 2 ایل اے 6 سماہنی میں آزاد امیدوار علی شان سونی اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر محمد رزاق چوہدری کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

2021 کے الیکشن میں علی شان سونی نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 24 ہزار 946 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار محمد رزاق چوہدری 16640 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

ضلع بھمبر کے حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری طارق فاروق کا مقابلہ سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے ہوگا، یہاں سے چوہدری طارق فاروق کی پوزیشن مستحکم ہے۔

2021 کے الیکشن میں چوہدری انوارالحق نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 38 ہزار 308 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری طارق فاروق 32 ہزار 245 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

ضلع کوٹلی کے حلقہ ایک راج محل میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، مسلم لیگ ن نے اس حلقے سے سینیئر سیاستدان ملک نواز کو ٹکٹ جاری کیا ہے، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک ذوالفقار سراپا احتجاج ہیں تاہم انہوں نے ابھی تک پارٹی کے خلاف بغاوت کا اعلان نہیں کیا۔

گزشتہ الیکشن میں ضلع کوٹلی کے حلقہ ایک ایل اے 8 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ظفر اقبال ملک نے 17 ہزار 299 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ ریاستی جماعت مسلم کانفرنس کے امیدوار ملک نواز 12 ہزار 107 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے تھے، جو بعد ازاں مسلم لیگ ن کا حصہ بن گئے۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے امیدوار ذوالفقار علی ملک کو گزشتہ الیکشن میں 7598 ووٹ ملے اور وہ تیسرے نمبر پر رہے

کوٹلی کے حلقہ 2 ایل اے 9 میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا، یہاں سے پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی نے گزشتہ الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔ آئندہ الیکشن میں ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر سردار عمیر نعیم سے ہوگا۔

کوٹلی کا حلقہ 3 ایل اے 10 سیاسی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں سے گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین نے 9 ہزار 696 ووٹ لے کر میدان مارا جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار ملک یوسف کو 9507 ووٹ ملے تھے۔

اس مرتبہ یہاں سے مسلم لیگ ن نے یوتھ رہنما فاتح محمود کیانی کو ٹکٹ جاری کیا ہے، جن کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہوگا اور یہاں سے بھی کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

ضلع کوٹلی کے حلقہ چار ایل اے 11 میں بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار مدمقابل ہوں گے، پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اخلاق کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے امیدوار راجا آصف سے ہوگا، یہاں سے مسلم لیگی امیدوار کی پوزیشن مستحکم ہے۔

کوٹلی کے حلقہ پانچ ایل اے 12 چڑہوئی سے گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین نے 21 ہزار 527 ووٹ لے کر میدان مارا، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار راجا ریاست 20081 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، اس مرتبہ بھی انہی دو امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

کوٹلی کے حلقہ 6 ایل اے 13 میں بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار مدمقابل ہوں گے، ن لیگ نے یہاں سے سینیئر مسلم لیگی رہنما راجا نثار کے بیٹے راجا ایاز نثار کو ٹکٹ جاری کیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے ابھی ٹکٹ کا فیصلہ نہیں کیا، متوقع طور پر ولید انقلابی یا رفیق نیئر پیپلز پارٹی کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔

2021 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر نثار انصر ابدالی نے 23 ہزار 340 ووٹ لے کر یہاں سے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ولید انقلابی 17 ہزار 554 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

کوٹلی کے حلقہ 6 سے تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار راجا ایاز نثار کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا، جنہوں نے 10 ہزار 589 ووٹ حاصل کیے، تاہم اسی حلقے سے ن لیگ کے ایک رہنما شاداب سکندر نے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور انہیں 5 ہزار 794 ووٹ ملے۔

ضلع باغ حلقہ ایک ایل اے 14 سے 2021 کے الیکشن میں ریاستی جماعت مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد نے 25 ہزار 389 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، اور اب بھی ان کی پوزیشن مستحکم ہے، اس بار ان کا مقابلہ عوامی دست و بازو کے امیدوار سردار ساجد اقبال سے ہوگا، جو پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ضلع باغ کے حلقہ 2 ایل اے 15 وسطی سے 2021 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر سردار تنویر الیاس نے 19 ہزار 825 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا قمر 14 ہزار 558 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس مرتبہ یہاں پر ڈرامائی صورت حال ہے، تنویر الیاس جو اب پیپلز پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں، یہاں سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں لیکن سردار ضیاالقمر نے بھی کاغذات جمع کرا دیے ہیں۔

حلقہ وسطی باغ میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلے کی توقع ہے، 2016 کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر راجا مشتاق منہاس کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔

باغ حلقہ 3 ایل اے 16 شرقی سے گزشتہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار میر اکبر نے 23 ہزار 563 ووٹ لے کر میدان مارا، جبکہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر سردار قمرالزمان 23 ہزار 267 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

سردار میر اکبر اب دوبارہ مسلم لیگ ن کا حصہ بن چکے ہیں اور ٹکٹ بھی جاری ہوگیا ہے، ان کا پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمرالزمان کے ساتھ کڑا مقابلہ ہوگا۔

ضلع حویلی کہوٹہ کے حلقہ ایل اے 17 سے 2021 کا الیکشن موجودہ وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور نے 30085 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری عزیز 25 ہزار 421 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس بار بھی فیصل راٹھور کا مقابلہ چوہدری عزیز (مرحوم) کے فرزند چوہدری محسن عزیز سے ہوگا جنہیں ن لیگ کا ٹکٹ جاری ہوگیا ہے اور ان کی پوزیشن مستحکم ہے۔

ایل اے 18 عباس پور سے 2021 کے الیکشن میں عبدالقیوم نیازی نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 24 ہزار 232 ووٹ لے کر میدان مارا، جبکہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری یاسین گلشن 15 ہزار 769 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، آئندہ عام انتخابات میں بھی انہی دو امیدواروں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع ہے۔

ایل اے 19 پونچھ 2 ہجیرہ سے 2021 کا الیکشن مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر سردار عامر الطاف نے 13 ہزار 413 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سعود بن صادق 12 ہزار 517 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اب کی بار بھی یہی دو امیدوار آمنے سامنے ہوں گے، تاہم ن لیگ کے امیدوار کی پوزیشن مستحکم ہے۔

ایل اے 20 راولاکوٹ سے 2021 کا الیکشن پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار یعقوب نے 11 ہزار 925 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر عبدالرشید کو 4883 ووٹ ملے، سردار یعقوب اب بھی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے اور اس حلقے میں ان کی پوزیشن مستحکم ہے۔

ایل اے 21 راولاکوٹ نہایت اہمیت کا حامل حلقہ ہے، جہاں سے غازی ملت سردار ابراہیم خان الیکشن میں حصہ لیتے رہے۔ گزشتہ الیکشن میں ان کے پوتے سردار حسن ابراہیم نے جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے 8 ہزار 190 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار طاہر انور 6 ہزار 198 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اب کی بار بھی انہی دو امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

راولاکوٹ کے حلقہ ایل اے 22 میں 2021 کا الیکشن شاہدہ صغیر چغتائی نے 16 ہزار 962 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے امیدوار اسد ابراہیم 10582 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، اور عبدالخالق وصی نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر 7064 ووٹ حاصل کیے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 22 راولاکوٹ انتہائی اہمیت کا حامل حلقہ ہے، چونکہ اسلام آباد کے مشہور سینٹورس مال کے مالکان یہاں سے تعلق رکھتے ہیں، اور سردار تنویر الیاس گزشتہ اسمبلی میں وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں تاہم انہوں نے الیکشن وسطی باغ سے لڑا تھا۔

سردار تنویر الیاس نے گزشتہ الیکشن آبائی حلقے سے نہیں لڑا تھا، لیکن اس بار انہوں نے یہاں سے بھی کاغذات جمع کرا دیے ہیں تاہم ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا کہ یہاں سے پیپلز پارٹی کا امیدوار کون ہوگا، چونکہ ان کے کزن احمد صغیر چغتائی بھی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کے امیدوار ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے یہاں سے عبدالخالق وصی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

حلقہ ایل اے 23 سدھنوتی سے 2021 کا الیکشن سردار محمد حسین نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 22 ہزار 519 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر نجیب نقی 19 ہزار 575 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس کے علاوہ جے یو آئی کے امیدوار مولانا سعید یوسف 15 ہزار 570 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

آئندہ عام انتخابات میں یہاں سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نجیب نقی اور جے یو آئی کے امیدوار مولانا سعید یوسف کے درمیان کڑا مقابلہ متوقع ہے کیوں کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے درمیان انتخابی اتحاد طے پا گیا ہے اور مولانا سعید یوسف مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

حلقہ ایل اے 24 بلوچ سدھنوتی سے 2021 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر فہیم اختر ربانی 30 ہزار 787 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار فاروق طاہر نے 24 ہزار 363 ووٹ حاصل کیے۔

آئندہ عام انتخابات میں ایل اے 24 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار فاروق طاہر کا مقابلہ فہیم ربانی سے ہوگا، تاہم ن لیگی امیدوار کی پوزیشن مستحکم ہے۔

ایل اے 25 آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی نیلم کا حلقہ ہے۔ یہاں سے 2021 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر شاہ غلام قادر نے 14 ہزار 341 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر میاں وحید 12 ہزار 400 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

آئندہ الیکشن میں بھی یہاں سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلہ ہوگا، تاہم مسلم لیگ ن کے امیدوار شاہ غلام قادر کی پوزیشن مضبوط ہے۔

ایل اے 26 بھی وادی نیلم کا حلقہ ہے، یہاں سے گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 18 ہزار 870 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ جبکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر راجا الیاس 13 ہزار 294 ووٹ لے کر دوسرے اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر راجا بشیر خان 3210 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، اس بار شاہ غلام قادر اس حلقے سے بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور ان کا پیپلز پارٹی کے امیدوار سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔

ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے حلقہ ایک ایل اے 27 سے 2021 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر سردار جاوید ایوب نے 26 ہزار 441 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ اب کی بار اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید ایوب اور مسلم لیگ ن کی امیدوار نورین عارف کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

مظفرآباد کا حلقہ 2 ایل اے 28 بھی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں سے 2021 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل نقوی نے 26011 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ اس مرتبہ ان کا مقابلہ چوہدری شہزاد سے ہوگا جنہیں ن لیگ نے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، چوہدری شہزاد 2016 کا الیکشن ن لیگ کے پلیٹ فارم سے جیت چکے ہیں۔

مظفرآباد کے حلقہ 3 سٹی ایل اے 26 میں 2021 کا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر خواجہ فاروق احمد نے 13 ہزار 337 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار افتخار گیلانی 10 ہزار 557 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار سردار مختار خان 10 ہزار 323 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ اس مرتبہ ن لیگی ٹکٹ ہولڈر افتخار گیلانی کا مقابلہ سردار مختار سے ہوگا جو پیپلز پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں اور ٹکٹ ہولڈر ہوں گے۔

مظفرآباد کے حلقہ 4 ایل اے 30 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر مصطفیٰ بشیر عباسی کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سے ہوگا اور ان کی پوزیشن مستحکم ہے۔

مظفرآباد کا حلقہ پانچ ایل اے 31 کھاوڑہ نہایت اہمیت کا حامل حلقہ ہے، جہاں سے 2021 کا الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری لطیف اکبر نے جیتا۔

یہاں سے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ثاقب مجید راجا کا تعلق مسلم کانفرنس سے تھا جنہوں نے 21 ہزار 481 ووٹ حاصل کیے۔

ثاقب مجید راجا اب مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، اور آنے والے الیکشن میں یہاں سے چوہدری لطیف اکبر اور ثاقب مجید راجا کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ حلقہ پانچ کھاوڑہ سے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری لطیف اکبر نے سب سے زیادہ 7 انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

ایل اے 32 جہلم ویلی چکار سے 2021 کا الیکشن سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے ن لیگ کے ٹکٹ پر 15 ہزار 598 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر صاحبزادہ اشفاق ظفر 15 ہزار 204 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

آئندہ عام انتخابات میں بھی اس حلقے میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

حلقہ ایل اے 33 لیپہ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری رشید کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے متوقع امیدوار دیوان چغتائی سے ہوگا، تاہم ن لیگی ٹکٹ ہولڈر کی پوزیشن مستحکم دکھائی دے رہی ہے۔

مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے پیپلز پارٹی کی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی

سیاسی مبصرین کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کو 7 سے 8 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی کو 2،2 نشستوں پر کامیابی مل سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp