وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں امن اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
بدھ کو ہونے والی یہ ٹیلیفونک گفتگو نہایت خوشگوار اور گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ برادرانہ تعلقات، علاقائی امن کی کوششوں اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم سے ترک صدر اور امیر قطر کی ملاقات، خطے میں امن کے لیے قریبی روابط پر اتفاق
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ انہوں نے امیرِ قطر کا ان اقدامات میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا جو تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کی صورت میں کامیاب ہوئے۔
برگن اسٹاک مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان
شہباز شریف نے لکھا کہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور میں حاصل ہونے والی مثبت پیش رفت پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔
Had a warm and most cordial telephone conversation with my dear brother, His Highness Sheikh Tamim bin Hamad Al Thani, Amir of the State of Qatar, this afternoon.
I thanked His Highness for Qatar’s steadfast support for the peace efforts that culminated in the historic Islamabad…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 24, 2026
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل مکالمے اور قریبی سفارتی روابط کا سلسلہ جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ میں قطر کے قائدانہ کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس سلسلے میں دوحہ کی مسلسل حمایت کا معترف ہے۔
راس لفان آتشزدگی پر اظہارِ تعزیت اور شکریہ
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ راس لفان آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر امیرِ قطر کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں قطری قیادت کی جانب سے دکھائی جانے والی ہمدردی اور تعاون دونوں ممالک کے گہرے انسانی رشتوں کی عکاس ہے۔
پاکستانی برادری کی میزبانی پر قطری حکومت کی تعریف
وزیراعظم نے قطر کی تعمیر و ترقی میں مصروف عمل پاکستانی برادری کے لیے قطری حکومت کی فراخدلانہ میزبانی اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے پر امیرِ قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم اور مضبوط ہو رہے ہیں۔
دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم
وزیراعظم پاکستان نے لکھا کہ ’دونوں رہنماؤں نے سفارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کو رواں سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے پرتپاک استقبال کے لیے منتظر ہیں۔
پاکستان اور قطر کے دیرینہ روابط
واضح رہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان سفارتی، اقتصادی، توانائی، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے شعبوں میں دیرینہ اور اسٹرٹیجک تعلقات قائم ہیں۔
دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان حالیہ رابطہ اس امر کا واضح مظہر ہے کہ اسلام آباد اور دوحہ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم پر گامزن ہیں۔














