خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ، الرٹ جاری

ہفتہ 27 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ شدید گرمی اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرناک واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

ادارے نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں۔

حساس اور خطرناک علاقوں میں نگرانی مزید سخت کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل الرٹ رہنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق تمام متعلقہ ریسکیو اداروں، مشینری اور ایمرجنسی ٹیموں کو ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار آبادیوں کو بروقت آگاہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گلیشیائی علاقوں، ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارشوں یا پانی کے بہاؤ کے دوران برساتی نالوں اور تیز دھار پانی سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp