گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے شدید سیلاب نے وادی تھور میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوں کے باعث متعدد مکانات، باغات، فصلیں، گاڑیاں اور رابطہ پل بہہ گئے جبکہ مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔
چلاس پولیس کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے وادی تھور کے مختلف حصوں کو شدید متاثر کیا۔ سیلابی پانی واپڈا کالونی میں بھی داخل ہوگیا، جہاں املاک اور سڑکوں کو نمایاں نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وادی تھور جانے والی شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہونے کے باعث متاثرہ آبادی کا دیگر علاقوں سے رابطہ کٹ گیا ہے۔
متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں، نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب اے ڈی ڈیزاسٹر منیجمنٹ دیامر امتیاز احمد نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کرنے اور بند سڑکوں کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ راستے بند ہونے کے باعث امدادی ٹیموں اور ریلیف سرگرمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم متاثرین تک جلد از جلد رسائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔














