عنایا شاہد نے ڈراما سیریل ’زنجیریں‘ میں منفی کردار پرتنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا

ہفتہ 27 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ عنایا شاہد نے اپنے مقبول ترین ڈرامے ’زنجیریں‘ میں منفی کردار ادا کرنے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید اور نفرت آمیز تبصروں کا جواب دے دیا ہے۔

اداکارہ نے ناقدین پر واضح کیا ہے کہ وہ اسکرین پر صرف اپنے فرضی کردار کی ادائیگی کر رہی ہیں اور حقیقی زندگی میں اس منفی روپ سے ان کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔

ڈرامے میں ’شریں‘ کے کردار نے ناظرین کو مشتعل کر دیا

ڈراما ’زنجیریں‘ کی حالیہ اقساط میں کہانی کے اہم موڑ (اسپائلرز) سامنے آنے کے بعد ناظرین کا غصہ آسمان کو چھو رہا ہے۔ ڈرامے میں عنایا شاہد ’شریں‘ کا کردار نبھا رہی ہیں، جو سربلند خان (دانیال ظفر) کے گھر کی ملازماؤں کی سربراہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغان کرکٹر راشد خان نے عنایا خان سے رابطہ کرکے کیا مطالبہ کیا؟ اداکارہ کا انکشاف

کہانی میں اس وقت سنسنی خیز موڑ آیا جب یہ انکشاف ہوا کہ شریں نے سہراب (رضا علی) کے اشارے پر سربلند کے بڑے بھائی شیر دل خان (احسن خان) کو زہر دینے کی سازش کی تاکہ سہراب خاندان کی قیادت حاصل کر سکے۔

ثبوت چھپانے اور قتل میں معاونت کا الزام

تازہ ترین قسط میں کہانی مزید خونی رخ اختیار کر گئی، جہاں سہراب کی اپنی بہن بانو اس گھناؤنی سازش کا راز جان لیتی ہے اور اسے بے نقاب کرنے کی دھمکی دیتی ہے۔

اس دوران ہونے والے شدید جھگڑے میں سہراب اپنی بہن کو گولی مار دیتا ہے، جب کہ شریں اس جرم کے ثبوت چھپانے میں سہراب کی مددگار بنتی ہے۔

اس منفی موڑ نے ناظرین کو اس حد تک مشتعل کر دیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر اداکارہ کو ذاتی طور پر نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

’میری پرفارمنس کچھ زیادہ ہی مؤثر رہی‘، عنایا کا طنز

سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی نفرت کے بعد عنایا شاہد نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ناقدین کو کرارا جواب دیا۔

مزید پڑھیں:’کسی اداکار سے شادی مت کرنا‘، شرمیلا ٹیگور نے بیٹی کو یہ نصیحت کیوں کی؟

انہوں نے لکھا کہ یہ پیغام ان تمام افراد کے لیے ہے جو ایک فرضی کردار کے فیصلوں کی بنیاد پر انہیں برا بھلا کہہ رہے ہیں، ان پر ذاتی تنقید کر رہے ہیں اور ان کے کردار پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

عنایا نے سوشل میڈیا صارفین کو طنزیہ انداز میں مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر ان کی اداکاری نے کسی کا دن خراب کر دیا ہے یا ان کا بلڈ پریشر بڑھا دیا ہے، تو اس کا مطلب صاف ہے کہ ان کی پرفارمنس ’کچھ زیادہ ہی مؤثر‘ رہی ہے۔

اداکار اور فرضی کردار میں فرق سمجھنے کی اپیل

اپنے پیغام کے اختتام پر اداکارہ نے خود کو ‘اسکرپٹ کی ملازم’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈرامے میں کیے گئے فیصلے ان کے ذاتی نہیں بلکہ لکھے گئے اسکرپٹ کا حصہ ہیں۔

عنایا شاہد کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر سمجھدار صارفین بھی ان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔ متعدد صارفین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ناظرین کو اداکاروں اور ان کے فرضی کرداروں کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہیے، کیونکہ اداکاری کا مقصد کہانی کو حقیقت کے قریب لانا ہوتا ہے، نہ کہ اداکار کی حقیقی شخصیت کی عکاسی کرنا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp