ایک خاموش مداح کی کہانی، جس کا انداز فٹبال ورلڈ کپ میں مرکز توجہ بن گیا

اتوار 28 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمہوریہ کانگو کے مشہور فٹبال مداح مشیل کُکا مبولادنگا امریکی ویزا نہ ملنے کے باعث ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کا اہم میچ اسٹیڈیم سے دیکھنے سے محروم ہو گئے۔ اپنی خاموش اور مجسمے جیسی اندازِ حمایت کے باعث دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے مداح کی دوبارہ ورلڈ کپ میں شرکت کا امکان کم ہوگیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق جمہوریہ کانگو کے سپر فین مشیل کُکا مبولادنگا، جو اپنے منفرد انداز کی وجہ سے فٹبال شائقین میں مشہور ہیں، امریکا کا ویزا حاصل نہ کر سکے جس کے باعث وہ کانگو اور ازبکستان کے درمیان اہم ورلڈ کپ میچ میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے امریکا نہیں پہنچ سکے۔

مبولادنگا کو اس وقت عالمی شہرت ملی جب انہوں نے مراکش میں ہونے والے افریقہ کپ آف نیشنز کے دوران اپنی ٹیم کے میچز میں ایک خاص انداز اپنایا۔ وہ پورے میچ کے دوران خاموش کھڑے رہتے اور اپنے ملک کے پہلے وزیر اعظم پیٹریس لوممبا کو خراج عقیدت پیش کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ: وی اے آر نے ایران کی خوشیاں چھین لیں، مصر ناک آؤٹ مرحلے میں

ان کا حلیہ بھی لوممبا سے مشابہ ہے، جبکہ وہ اپنی ٹیم کے رنگوں سے مزین لباس پہن کر اسٹیڈیم آتے ہیں۔ ان کے اسی انداز کی وجہ سے انہیں ’لوممبا ویا‘ کے نام سے بھی پکارا جانے لگا۔

مبولادنگا نے میکسیکو میں کانگو کے آخری میچ میں شرکت کی تھی، تاہم اب وہ اٹلانٹا میں ہونے والے اہم مقابلے میں شریک نہیں ہو سکے جہاں کانگو کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے جدوجہد کر رہی تھی۔

مبولادنگا کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مراکش سے واپسی پر کانگو کی حکومت نے انہیں ایک گاڑی تحفے میں دی تھی۔ ورلڈ کپ میں ان کی آمد بھی تاخیر کا شکار ہوئی تھی کیونکہ ملک میں ایبولا کی صورتحال کے باعث سفری پابندیاں عائد تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp