پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سفارتی سطح پر پاکستان کو ملنے والی تاریخی پذیرائی دشمن کو برداشت نہیں ہو رہی۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کراچی میں رینجرز کیمپ پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آور دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملہ کی مذمت
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا فائرنگ کے تبادلے…
— PPP (@MediaCellPPP) June 28, 2026
انہوں نے فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہاکہ اس بزدلانہ کارروائی سے واضح ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر سفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی کامیابی دشمن کو ہضم نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے وطن کے دفاع اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات دہشتگردوں نے کراچی میں رینجرز کی تنصیب پر دہشتگرد حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔














