بلیک انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن یعنی بی ای ٹی ایوارڈز 2026 میں اداکارہ، گلوکارہ اور ہدایت کار ٹیانا ٹیلر سب سے نمایاں رہیں، جنہوں نے 4 بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔
انہیں گلوکارہ جینٹ جیکسن کے ہاتھوں آئیکون آف دی ایئر کا خصوصی اعزاز دیا گیا، جبکہ انہوں نے فیشن وینگارڈ ایوارڈ، بہترین اداکارہ اور مختصر فلم ’ایسکیپ روم‘ کے لیے ’ویڈیو ڈائریکٹر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
لاس اینجلس کے پیکاک تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ٹیانا ٹیلر جذباتی انداز میں جینٹ جیکسن سے مخاطب ہو کر کہا کہ ان کے بغیر وہ آج اس مقام تک نہیں پہنچ سکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی یومِ آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات تنازع کا شکار، مزید معروف فنکاروں نے شرکت سے انکار کر دیا
’اس کامیابی کے لیے میں نے 20 برس مسلسل محنت کی ہے، اس لیے میں یہ اعزاز غرور کے ساتھ نہیں بلکہ شکرگزاری کے جذبے سے قبول کر رہی ہوں۔‘
تقریب کی میزبانی کامیڈین ڈرسکی نے کی، جو بی ای ٹی ایوارڈز کی تاریخ کے کم عمر ترین میزبان بن گئے۔ انہوں نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز میں تقریب کا آغاز کیا اور حاضرین سے ایک علامتی اجتماعی دعا بھی کروائی، جس میں مزاح اور روحانیت کا خوبصورت امتزاج دیکھنے میں آیا۔
رنگا رنگ تقریب میں کارڈی بی، رائے، ٹی آئی، کیہلانی، ڈوچی اور ڈان ٹولیور نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
Janet Jackson and Teyana Taylor share a special moment ahead of Taylor’s ICON of the Year award at the #BETAwards pic.twitter.com/LbDtKcpWy4
— philip lewis (@Phil_Lewis_) June 29, 2026
اس موقع پر موسیقی کی صنعت کی ممتاز ایگزیکٹو سلویا رون کو بھی بی ای ٹی الٹی میٹ آئیکون ایوارڈ سے نوازا گیا۔
74 سالہ سلویا رون نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ ان تمام فنکاروں اور تخلیق کاروں کا ہے جنہوں نے سیاہ فام ثقافت اور موسیقی کو فروغ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاہ فام فنکاروں کی تخلیقی صلاحیت نے عالمی ثقافت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم نئی ٹیکنالوجی کے دور میں موسیقی کی روح اور فن کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ کی شادی میں بلیک لائیولی کو دعوت، کیا پرانی کشیدگی ختم ہو رہی ہے؟
سلویا رون موسیقی کی صنعت میں 5 دہائیوں سے خدمات انجام دے رہی ہیں اور مختلف معروف ریکارڈ لیبلز میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے والی پہلی سیاہ فام خاتون ہیں۔
انہیں مِسی ایلیٹ، برانڈی اور بسٹا رائمز سمیت کئی معروف فنکاروں کی سرپرستی اور رہنمائی کا بھی اعزاز حاصل ہے۔
تقریب کے دیگر نمایاں ایوارڈز میں کارڈی بی کو بہترین خاتون ہپ ہاپ آرٹسٹ جبکہ لورین ہل کو پہلی مرتبہ پیش کیا جانے والا ’لونگ لیجنڈ آئیکون ایوارڈ‘ دیا گیا۔
بی ای ٹی ایوارڈز ہر سال سیاہ فام اداکاروں، گلوکاروں، کھلاڑیوں اور دیگر نمایاں شخصیات کی خدمات اور کامیابیوں کے اعتراف میں پیش کیے جاتے ہیں۔














