آئرلینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہینرک ملان نے عالمی چیمپیئن بھارت کے خلاف تاریخی ٹی 20 سیریز جیتنے کے محض ایک روز بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئرلینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر ٹی20 سیریز جیت لی
بی بی سی کے مطابق ہینرک کی جگہ سابق آئرش بین الاقوامی کرکٹر گیری ولسن کو نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ آئرلینڈ کے مطابق ہینرک کی رخصتی طے شدہ تھی جبکہ گیری ولسن اگست میں افغانستان کے خلاف 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
40 سالہ گیری ولسن آئرلینڈ کی جانب سے 292 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں اور وہ سنہ 1994 میں جان ولس کے بعد آئرلینڈ میں پیدا ہونے والے پہلے مرد ہیڈ کوچ ہوں گے۔ ولسن نے سنہ 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور سنہ 2022 میں آئرش ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
45 سالہ جنوبی افریقی نژاد ہینرک ملان سنہ 2022 سے آئرلینڈ کے ہیڈ کوچ کے عہدے پر فائز تھے۔ ان کا آخری میچ اتوار کو بیلفاسٹ میں بھارت کے خلاف کھیلا گیا جہاں آئرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے کامیابی حاصل کرکے ٹی 20 سیریز اپنے نام کی۔ اس سے قبل جمعے کو آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ کسی بھی فارمیٹ کے میچ میں عالمی چیمپیئن بھارت کو شکست دی تھی۔
ہینرک ملان کے دور کی نمایاں کامیابیوں میں سنہ 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں میلبورن میں انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح بھی شامل ہے جبکہ 2 سال بعد آئرلینڈ نے افغانستان کے خلاف اپنی تاریخ کی پہلی ٹیسٹ فتح حاصل کی۔ اسی طرح سنہ 2024 میں بیلفاسٹ میں زمبابوے کو شکست دے کر آئرلینڈ نے اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
مزید پڑھیے: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ، بھارتی ٹیم کا سیمی فائنل کا خواب ادھورا،آسٹریلیا نے شکست دے کرٹورنامنٹ سے باہر کردیا
ہینرک ملان کا معاہدہ سنہ 2027 کے اوائل تک جاری رہنا تھا تاہم انہوں نے موجودہ مرحلے پر عہدہ چھوڑنے کو درست فیصلہ قرار دیا۔

اپنے بیان میں ہینرک ملان نے کہا کہ ان کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آئرش کرکٹ برادری کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک اعزاز رہا ہے۔ میں کھلاڑیوں، کوچز اور تمام عملے کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمارے مشترکہ وژن پر اعتماد کیا۔ یہ سفر میرے لیے انتہائی یادگار رہا۔
کرکٹ آئرلینڈ کے ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس گراہم ویسٹ نے کہا کہ ہینرک ملان نے اپنی مدتِ ملازمت کے دوران شاندار خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم آئندہ ورلڈ کپ کوالیفائر مہم اور ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کر رہے تھے۔ اسی بات چیت کے دوران ہینرک نے اس مرحلے پر ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کی خواہش ظاہر کی جو ہماری مستقبل کی منصوبہ بندی سے ہم آہنگ تھی۔
گراہم ویسٹ کے مطابق ہینرک ملان نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں سنبھالیں اور آئرلینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفکیشن، تاریخی ٹیسٹ فتوحات اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے ملان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کھیل میں بھی سیاست، ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا
انہوں نے مزید کہا کہ ہینرک ملان نے آئرش کرکٹ سسٹم میں ٹیلنٹ کے دائرے کو وسیع کرنے کے لیے بھرپور محنت کی جس کے ثمرات آنے والے مہینوں اور برسوں میں آئرلینڈ کی ٹیم کو حاصل ہوتے رہیں گے۔














