لیاری کا جنون اور فٹ بال ورلڈ کپ، ’منی برازیل‘ اپنی ٹیم کو کیسے سپورٹ کر رہا ہے؟

منگل 30 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کا قدیم علاقہ لیاری، جسے فٹ بال سے جنون کی حد تک لگاؤ کے باعث  ’منی برازیل‘ بھی کہا جاتا ہے، ان دنوں فٹ بال کے عالمی مقابلوں کے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔ لیاری کی گلیوں، کوچوں اور چوراہوں پر فٹ بال کا ایسا رنگ چڑھا ہے کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔

لیاری ’منی برازیل‘ کیوں ہے؟

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ لیاری اور فٹ بال کا رشتہ دہائیوں پر محیط ہے۔ یہاں کے نوجوانوں کے خون میں فٹ بال دوڑتا ہے۔ اس علاقے کو ‘منی برازیل’ کہنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے لوگوں کی اکثریت برازیل کی قومی فٹ بال ٹیم اور اس کے مایہ ناز کھلاڑیوں کی مداح ہے۔ برازیل کے جارحانہ اور دلکش کھیل کی جھلک لیاری کے گراؤنڈز میں بھی نظر آتی ہے، جبکہ ورلڈ کپ کے دوران پورا لیاری پیلے اور سبز رنگ میں رنگ جاتا ہے۔

عالمی مقابلوں کے پیشِ نظر خصوصی تیاریاں

فٹ بال کے عالمی مقابلوں کے آغاز کے ساتھ ہی لیاری کا نقشہ بدل چکا ہے۔ تنگ گلیوں اور بلند عمارتوں پر برازیل، ارجنٹائن، پرتگال اور دیگر ممالک کے جھنڈے آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ متعدد گلیوں کی دیواروں پر عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز کی وال پینٹنگز بنائی گئی ہیں، جو یہاں کے نوجوانوں کی مہارت اور کھیل سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ رات کے وقت گلیوں کو برقی قمقموں سے اس انداز میں سجایا جاتا ہے کہ گویا کوئی تہوار یا عید کا سماں ہو۔

بڑی اسکرینیں، منی اسٹیڈیم کا منظر

لیاری کے مختلف چوکوں اور عوامی مقامات، جن میں فٹ بال ہاؤس، گبول پارک اور چاکیواڑہ شامل ہیں، پر مقامی تنظیموں اور شہریوں کے تعاون سے بڑی اسکرینیں نصب کی گئی ہیں۔

ایسے ہی ایک مقامی منتظم شاہ جہان بلوچ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کوئی میچ شروع ہوتا ہے، ہزاروں کی تعداد میں بچے، نوجوان اور بزرگ اسکرینوں کے سامنے جمع ہو جاتے ہیں۔ گول ہوتے ہی پورا علاقہ فلک شگاف نعروں اور پٹاخوں کی آوازوں سے گونج اٹھتا ہے۔

ان کے مطابق اس وقت لیاری کا ماحول کسی بین الاقوامی فٹ بال اسٹیڈیم سے کم نہیں ہوتا، جہاں شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی جرسیاں پہن کر بھرپور جوش و خروش سے میچ دیکھتے ہیں۔

شاہ جہان بلوچ کے مطابق، ’ہمارے پاس وسائل کم ہو سکتے ہیں، لیکن فٹ بال کے لیے ہمارا دل بہت بڑا ہے۔ ورلڈ کپ ہمارے لیے عید کی طرح ہوتا ہے، جہاں ہم غربت اور روزمرہ کی پریشانیاں بھول کر صرف کھیل کے جشن میں شریک ہوتے ہیں۔‘

لیاری والوں کی برازیل سے محبت کے بارے میں مزید جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں:

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp